اسلام پورہ متاثرہ خاندانوں کو "گھرکول اسکیم” کے تحت مکان فراہم کیا جائے:سید معین

خاندان کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت اورمالی امداد کا فوری اعلان کیا جائے
ناندیڑ کے اسلام پورہ علاقے میں پیش آئے دل دہلا دینے والے حادثے میں چار معصوم بچوں کی موت کے بعد آج آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (AIMIM) کے سینئر رہنما سید معین نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے دکھ میں شریک ہوتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا۔تفصیلات کے مطابق، اس افسوسناک واقعہ کے بعد سید معین نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور غمزدہ خاندانوں کو تسلی دیتے ہوئے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ متاثرین کو انصاف دلانے کے لیے ہر سطح پر کوشش کی جائے گی اور اس سانحے کے ذمہ دار افراد کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا۔اس موقع پر ناندیڑ واگھالا میونسپل کارپوریشن (NWMC) کی میئر کویتا سنتوش مولے، اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین بی جے مہاراج، کانک دانڈے سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔اسی طرح AIMIM کے کارپوریٹرز — مسعود احمد خان، فصیح الدین، عبدالرحیم خان، عبدالحفیظ اور محمد الطاف کے ساتھ باغبان برادری کے ذمہ داران جاوید سیٹھ اور قیوم صاحب بھی اس موقع پر شریک رہے۔

تمام قائدین اور ذمہ داران نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے گا اور حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مزید برآں، مجلس اتحاد المسلمین کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ متاثرہ خاندانوں کو "گھرکول اسکیم” کے تحت رہائش فراہم کی جائے، ہر متاثرہ خاندان کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت دی جائے اور متاثرین کے لیے مناسب مالی امداد کا فوری اعلان کیا جائے۔واضح رہے کہ اس اندوہناک حادثے نے پورے علاقے میں غم کی فضا قائم کر دی ہے اور عوام کی جانب سے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading