ناندیڑ، 17 اپریل: ناندیڑ شہر میں ترقیاتی کاموں کو تیز رفتار سے مکمل کرتے ہوئے شہریوں کو بنیادی سہولیات بروقت اور معیاری انداز میں فراہم کی جائیں۔ 100 روزہ ایکشن پلان ایک قابلِ تعریف قدم ہے اور اس کے تحت تمام خدمات مقررہ وقت میں فراہم کی جائیں۔ ڈیجیٹل کلاس رومز کا قیام، خواتین کے لیے علیحدہ بیت الخلاء، بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی کے مجسمہ کے مقام پر ان کی شاعری آویزاں کرنا، شہر کی صفائی کے لیے ضروری گاڑیوں اور عملے میں اضافہ اور گھر گھر کچرا جمع کرنے کے نظام کو مکمل صلاحیت کے ساتھ نافذ کرنے کی ہدایات دی گئیں۔
یہ ہدایات ریاستی وزیر برائے دیگر پسماندہ طبقات بہبود، ڈیری ڈیولپمنٹ، متبادل توانائی اور معذور افراد کی بااختیاری نیز ناندیڑ ضلع کے وزیرِ سرپرست اتُل ساوے نے دیں۔یہ اجلاس آج ضلع کلکٹر آفس میں منعقد ہوا، جس میں میونسپل کارپوریشن کے 100 روزہ ایکشن پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر میئر محترمہ کویتا سنتوش مولے، میونسپل کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار ڈوئیفوڑے، اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین وریندر سنگھ گاڑیوالے، ہاؤس لیڈر ایڈووکیٹ مہیش کدکدندے، سابق چیئرمین کشور سوامی، ایڈیشنل کمشنر گریش قدم، نیلیش سنکیوار، ڈپٹی کمشنر ابھیجیت وائکوس سمیت دیگر افسران موجود تھے۔
اجلاس میں شہریوں کو معیاری خدمات مقررہ مدت میں فراہم کرنے پر زور دیا گیا۔ ایکشن پلان کے تحت گھر گھر صفائی، آفات سے نمٹنے کے اقدامات، ڈیپ کلیننگ، دریائے گوداوری کو آلودگی سے پاک کرنا، پانی کی فراہمی کے نظام میں بہتری، جدید گیس شمشان گھاٹ، اہم چوراہوں کی خوبصورتی، اٹل بہاری واجپئی کا مجسمہ، خواتین کے لیے بیت الخلاء، جدید ٹرانسپورٹ نظام، الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز، خطرناک برقی تاروں کو زیرِ زمین منتقل کرنا اور آر ٹی ایس کے تحت 74 خدمات کو آن لائن کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں، جنہیں وزیرِ سرپرست نے سراہا۔
اس کے علاوہ اجلاس میں شہر کے مجوزہ فلائی اوورز، ٹریفک مینجمنٹ، اسٹیڈیم کی تعمیر، ملٹی پارکنگ اور میونسپل اسکولوں کی جدید کاری جیسے اہم موضوعات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیرِ سرپرست اتُل ساوے نے کہا کہ شہریوں کو معیاری خدمات مقررہ وقت میں فراہم کرنے کے لیے ترقیاتی کاموں میں تیزی لانا ضروری ہے۔ میونسپل کارپوریشن کا 100 روزہ ایکشن پلان ایک بہترین اقدام ہے اور اگر ترقیاتی کاموں میں کوئی رکاوٹ پیش آئے تو اسے دور کرنے کے لیے ریاستی سطح پر ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔