NCP2 Urdu News 01 Dec 23

ہمیں مسلسل غافل رکھا گیا: اجیت پوار

اجیت دادا پوار کی قیادت میں این سی پی آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے: سنیل تٹکرے

جب 58مورچے پرامن نکلے تواب پرتشدد کیوں؟ آئیے ایک ساتھ مل بیٹھ کر مسئلہ حل کریں: چھگن بھجبل

کرجت میں این سی پی کی ’ویچارک منتھن‘کیمپ کا انعقاد

کرجت (رائے گڑھ): نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت دادا پوار نے پیش آنے والے واقعات بیان کرتے ہوئے کہا کہ حلف لینے سے قبل ہم نے صاحب سے ملاقات کی اور انہیں فیصلے سے آگاہ کیا لیکن ہمیں مسلسل غافل رکھا گیا۔اس بات سے پرفل پٹیل، سنیل تٹکرے اور دلیپ والسے پاٹل بھی واقف ہیں۔وہ پارٹی کے ’ویچارک منتھن‘کیمپ میں اپنے خیالات کا اظہار کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اگر 2 جولائی کا ہمارا فیصلہ پسند نہیں تھا تو پھر ہمیں 17 جولائی کو کیوں بلایا؟ میں تمام ایم ایل ایز کولے کر گیا۔ہمیں بتایاگیا کہ سب کچھ ٹھیک ہونے والا ہے۔ اس وقت بھی ہمیں غافل رکھا گیا۔ روہت پوار کانام لیے بغیر اجیت پوار نے کہا کہ کچھ لوگ اب ریاست بھر میں سنگھرش یاترا نکال رہے ہیں، انہوں نے زندگی میں کبھی کچھ نہیں کیا تواب سنگھرش یاترا کیوں؟اجیت پوار نے کہا کہ ذات پر مبنی مردم شماری نہایت ضروری ہے، اس کے ذریعے یہ فیصلہ کرنے میں مدد ملے گی کہ کس کو کتنا ریزرویشن دینا ہے۔ لیکن آج جس طرح کچھ ذات براردیوں کے درمیان تنازعہ چل رہا ہے اس سے یہ سوال پیدا ہورہا ہے کہ کیا یہ شاہو،پھلے وامبیڈکرکی سوچ کا ہی مہاراشٹر ہے؟اجیت پوار نے کہا کہ کچھ ذات برادریوں کے لوگ ایک دوسرے کو چیلنج کرنے کی باتیں کررہے ہیں، جس پر روک لگنی چاہئے۔ اس سے اگر فسادات بھڑکتے ہیں تو کون ذمہ دار ہوگا؟ اس میں نوجوان وغریب لوگ ہی متاثرہوتے ہیں، ان کی ہی زندگی تباہ ہوتی ہے۔ اگر ریاست میں کوئی فساد برپاہوتا ہے تواجیت پوار وہ نہیں ہونے دے گا۔ اس کے لیے کوئی بھی قیمت چکانی پڑے تو چکائیں گے لیکن غریب کا خون بہنے نہیں دیں گے۔ اجیت پوار نے کہا کہ کسی بھی طبقے کے ریزرویشن میں کسی قسم کی دخل اندازی کے بغیر ہم مراٹھا برادری کو ریزرویشن دینے کی کارروائی کررہے ہیں، جلد ہی اس تعلق سے اچھی خبر آئے گی۔

اجیت پوار نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات مارچ کے پہلے ہفتے میں ہو سکتے ہیں۔ لہذامہاراشٹر سے این ڈی اے کے زیادہ سے زیادہ ممبران پارلیمنٹ کو کامیاب کرانا ہے۔ بارامتی، شرور، رائے گڑھ، ستارا میں ہم لڑیں گے، اس کے علاوہ بھی اگر کوئی اور سیٹ ہے تو اس کی نشاندہی کریں، بی جے پی وشیوسینا سے بات چیت کے بعد ہم مسئلے کا حل نکالیں گے۔اجیت پوار نے یہ بھی کہا کہ پانچ ریاستوں کے انتخابات کے بعد ہم تینوں پارٹیوں کے لیڈران ایک ساتھ مل کر بیٹھیں گے اورآئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہئ خیال کریں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے این سی پی کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے کہا کہ اجیت پوار کی قیادت میں این سی پی پوری تیزرفتاری کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم کل کے مستقبل کی امید رکھتے ہیں تو آپ بھی اس کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔ نوجوانوں و خواتین کو سیاست میں متحرک ہونا چاہیے۔ سنیل تٹکرے نے یہ بھی کہا کہ ساوتری بائی پھولے جن خواتین کے لیے لڑی تھیں ان خواتین کے لیے مستقبل میں مزید مواقع مل سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے تجربہ کیا ہے کہ جب اقتدار نہیں ہوتا ہے تو کیا ہوتا ہے اور ہم دیکھ رہے ہیں کہ پچھلے پانچ ماہ میں اقتدار میں آنے کے بعد کیا تبدیلیاں آتی ہیں، اب اگلا دور امتحان کا ہے۔ اب ہمیں اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔ سنیل تٹکرے نے کارکنوں کواس کیمپ سے توانائی لینے اور کام پر لگنے کی تاکیدکی۔

پارٹی کے سینئر لیڈر اور کابینی وزیر چھگن بھجبل نے کہا کہ اجیت پوار کی قیادت میں بی جے پی کے ساتھ اقتدار میں آنے سے پہلے ہم ادھو ٹھاکرے کے ساتھ گئے تھے، تو کیا ہمارا نظریہ بدل گیا؟ چھگن بھجبل نے یہ بھی پوچھا کہ اگر ہم بی جے پی کے ساتھ گئے تو ناراضگی کیوں ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہم نے مہاراشٹر کے لوگوں کی بہتری ولوگوں کی ترقی کے لیے مہایوتی میں حصہ لیا۔ ہم مل کر مسائل حل کر رہے ہیں۔ عدالتی جنگ شروع ہو چکی ہے، جس میں ہم یقینی طو رپرکامیاب ہونگے۔بھجبل نے کہا کہ ہمیں پریشان حال لوگوں کے لیے کام کرناہے۔ سیاست میں ہمارے مخالف ہوسکتے ہیں، دشمن ہرگز نہیں تومبارکباد دینے میں کیا حرج ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں زیادہ سے زیادہ ایم ایل اے کامیاب کرانا ہے تو ہی ہمارا خواب پورا ہوگا۔

بھجبل نے کہا کہ دوسروں کی ریزرویشن میں کوئی مداخلت کیے بغیر مراٹھا برادری کو یزرویشن ملنا چاہیے، لیکن اس بات کا الگ مطلب نکال کر تنازعہ زپیدا کیا جارہا ہے۔ ہمارے ایم ایل اے کے گھر جلا دیا گیا۔جب 58 مورچے پرامن طور پر نکلے تو پھر اب تشدد کیوں ہورہا ہے؟آئیے مل بیٹھ کر مسئلہ کا حل کریں۔ سبھی کو ساتھ بلاؤ اور انہیں بتاؤ کہ قانون اپنے ہاتھ میں لے کر کچھ نہ کریں، حکومت کو مشکلات میں نہ ڈالیں۔او بی سی کی مردم شماری کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اگر ایک ریاست یہ کرتی ہے تو تمام ریاستوں کو بھی کرنا چاہیے۔

اس کیمپ کے دوسرے دن سابق ایم پی آنند پرانجپے، وزیرکھیل سنجے بنسوڈے، خواتین واطفال کی فلاح وبہبود کی وزیر ادیتی تٹکرے، ضلعی صدور، یوتھ، ترجمان وخواتین شعبے کی عہدیداران نے اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ یوتھ ونگ کے ریاستی صدر سورج چوہان نے نظامت کی۔ اس کیمپ میں اجیت پوار، سنیل تٹکرے، چھگن بھجبل، دلیپ ولسے پاٹل،دھننجے منڈے،انل بھائی داس پاٹل،سنجے بنسوڑے،دھرما راؤ بابا آترم،ادیتی تٹکرے، انیکیت ٹٹکرے،روپالی چاکنکر، پرمود ہندو راؤ، شیواجی راؤ گرجے، سورج چوہان، پرشانت کدم، کلیان اکھڑے، ایشور بال بدھے، سنیل مگرے،ادریس نائکواڑی، تمام ایم ایل اے، ایم پی، ضلعی صدرو دیگر عہدیداران وکارکنان موجود تھے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading