این سی پی کے شعبۂ خواتین و یوتھ ونگ کے ریاستی سطح کے عہدیداروں کے اجلاس کا انعقاد
ممبئی: آنے والے اسمبلی انتخابات کو ہمیں نہایت سنجیدگی سے لینا ہے اور کہیں بھی کوئی کوتاہی و لاپرواہی نہیں برتنی ہے۔ این سی پی کے قومی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت دادا پوار نے یوتھ اور خواتین ونگ کے عہدیداروں کے ریاستی سطح کے اجلاس میں یہ باتیں کہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہمیں لوک سبھا انتخابات میں اس کی قیمت چکانی پڑی ہے۔ ہم نے اسمبلی کے لیے بہترین اسکیمیں دی ہیں۔ لوک سبھا میں جو منفی پروپیگنڈہ پھیلایا گیا وہ صحیح نہ ہوتے ہوئے بھی لوگوں نے اسے صحیح سمجھا اور ہمیں اس کی قیمت ادا کرنی پڑی۔ اب کی بار ہمیں خاص طور پر خواتین اور نوجوانوں کو اس سازش کے جال میں آنے سے بچانا ہوگا۔
اجیت پوار نے مزید کہا کہ ہم نے اپنے سیکولر نظریات کو نہیں چھوڑا ہے۔ این سی پی ہمیشہ سے شیواجی، شاہو، پھلے اور امبیڈکر کے نظریات کی پیروکار رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہایوتی کے ساتھ اتحاد میں ہمیں جو بھی نشستیں ملیں گی ان میں سے ہمیں زیادہ سے زیادہ جیتنے کی کوشش کرنی ہوگی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگلے تین ماہ کے دوران ہمیں اپنے گھر کے کاموں کو پس پشت ڈال کر پارٹی کے کام کو اولین ترجیح دینی ہوگی اور اس کے لیے سخت محنت کرنی ہوگی۔
اجلاس میں اجیت پوار نے پانچ مختلف پروگراموں کا اعلان کیا اور کہا کہ ان پر عمل درآمد انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو این سی پی کے کام کے لیے خود کو مکمل طور پر وقف کرتے ہوئے کام کرنا ہوگا۔
اجیت پوار نے کہا کہ پہلا پروگرام ’اجنکیہ گھڑیال‘ ہے، جس میں ہر اسمبلی حلقے میں کم از کم تین تعلقوں میں کم از کم 50 اور زیادہ سے زیادہ یوتھ میٹنگز ہونی چاہئیں۔ ان میٹنگز میں پارٹی کی منصوبہ بندی اور پیغام کو لوگوں تک پہنچانا ہوگا۔ ان میٹنگز کا انعقاد انتخابات کی تاریخوں کے اعلان سے پہلے کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن سمّان یاترا کو ریاست بھر میں زبردست پذیرائی مل رہی ہے اور خواتین کی بڑی تعداد اس میں شامل ہو رہی ہے۔ لاڈکی بہین یوجنا اس میں انتہائی مؤثر ثابت ہو رہی ہے۔
اجیت پوار نے مزید کہا کہ آنے والے وقت میں مہایوتی کے بینر تلے انتخابات لڑے جائیں گے اور این سی پی کی جہاں بھی نشستیں ہوں گی، وہاں خواتین اور نوجوانوں کو خاص توجہ دینی ہوگی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ہماری پارٹی کے کارکنان و لیڈران کی جانب سے کوئی بھی غلط قدم یا بات ہماری پارٹی کے لیے نقصاندہ ثابت ہو سکتا ہے۔ جوش میں آ کر کوئی رد عمل دینے سے پہلے مجھ سے یا تٹکرے صاحب سے مشورہ کریں۔
اس موقع پر این سی پی کے ریاستی صدر، رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے اجیت دادا پوار کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دادا، آپ نے کمال کر دیا۔ آپ نے ریاست کے قیام کے بعد سے اب تک کا ایسا پہلا بجٹ پیش کیا ہے، جس میں آپ نے اپنی بہنوں کو بھائی کی حیثیت سے جو انصاف دینے کی کوشش کی ہے، وہ تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
خواتین شعبے کی صدر روپالی چاکنکر نے کہا کہ ہمارے ساتھ کھڑے ہوئے ہمارے بھائی کو ہم مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس کے لیے خواتین کی طاقت اجیت دادا کے ساتھ ہے اور ہمارے خواب ضرور حقیقت بنیں گے۔ یوتھ ونگ کے صدر سورج چوہان نے کہا کہ جن سمّان یاترا کو ملنے والی زبردست پذیرائی کو دیکھتے ہوئے این سی پی مستقبل میں ایک نمبر کی پارٹی بنے گی۔ اس اجلاس میں خاص طور پر خواتین اور یوتھ کارکنوں کو ان کی ذمہ داریوں کے بارے میں رہنمائی کی گئی اور اجیت پوار کے بجٹ میں شامل اسکیموں کو گھر گھر پہنچانے اور پارٹی کے مہمات کو مثبت طریقے سے انجام دینے کے لیے ہدایات دی گئیں۔