مہا یوتی میں مکمل ہم آہنگی، میڈیا میں پھیلائی جانے والی افواہ بے بنیاد: آنند پرانجپے

ممبئی: مہاراشٹر میں قائم مہا یوتی حکومت کے تینوں اعلیٰ قائدین وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس، نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار باہمی ہم آہنگی اور تال میل کے ساتھ ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ مگر حالیہ دنوں میں میڈیا میں جو قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں، ان کے پس پشت کوئی نامعلوم ’سورس‘ کارفرما ہے۔ یہ باتیں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ترجمان آنند پرانجے نے کہی ہیں۔

پرانجپے نے یہ بیان آج اس وقت دیا ہے جب مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے رائگڑھ کا دورہ کیا۔ ان کے اس دورے کو لے کر بعض میڈیا اداروں نے مختلف سیاسی امکانات ظاہر کیا، جس پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے پرانجپپے نے واضح کیا کہ یہ دورہ قطعی طور پر غیر سیاسی نوعیت کا تھا۔آنند پرانجے نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ امت شاہ جی کا دورہ چھترپتی شیواجی مہاراج کی برسی کی مناسبت سے ہوا ہے، جس کا مقصد محض انہیں خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ اس موقع پر کسی قسم کا سیاسی پروگرام نہ تھا اور نہ ہی کسی عہدے، بالخصوص رائگڑھ کے نگراں وزیر کے مسئلے پر کوئی گفتگو ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ جیسی اہم شخصیت میں اتنی سیاسی سنجیدگی اور پختگی ضرور ہے کہ وہ برسی کے مواقع پر سیاسی امور سے گریز کریں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ امت شاہ کو رائگڑھ کے رکن پارلیمنٹ و این سی پی کے ریاستی صدر سنیل تتکڑے کی جانب سے ظہرانے کی دعوت دی گئی تھی اور ریاستی وزیر بھرت گوگاوالے کو بھی دعوت دی گئی تھی۔

ادھر سنیل تتکڑے نے بھی واضح کیا ہے کہ چھترپتی شیواجی مہاراج کی برسی کے موقع پر کوئی سیاسی سرگرمی طے نہیں تھی اور بعض میڈیا رپورٹس میں محض بے بنیاد قیاس آرائیاں کی گئی ہیں۔ مزید برآں پونے کے منگیشکر اسپتال سے متعلق ایک سوال کے جواب میں آنند پرانجے نے کہا کہ مرحومہ بھیسے کی موت کے سلسلے میں جو ڈاکٹر قصوروار پائے جائیں گے، ان کے خلاف ضرور کارروائی ہوگی۔ مگر انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ منگیشکر خاندان، جس نے ملک کے موسیقی کے میدان میں ناقابلِ فراموش خدمات انجام دی ہیں، اسے تنقید کا نشانہ بنانا تکلیف دہ امر ہے۔ ترجمان نے کہا کہ میڈیا کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے افواہوں کے بجائے مصدقہ اور سنجیدہ خبروں کو ترجیح دینی چاہیے، تاکہ عوام میں بے جا ابہام نہ پیدا ہو۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading