ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال انتہائی تشویشناک: جینت پاٹل

ممبئی: ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی ابتر صورتحال پر این سی پی- ایس پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی ریاست جہاں خود وزراء عوام کے ساتھ جلاوٴ گھیراوٴ میں شریک ہوں اور سرپرست وزیر کے عہدے کے لیے احتجاج کا سہارا لیا جائے، وہاں کے حالات پر زیادہ کچھ نہ کہنا ہی بہتر ہے۔

جینت پاٹل نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے بعد پارٹی کی قیادت کے ساتھ کوئی رسمی ملاقات نہیں ہوئی تھی، لیکن آج ہم نے ملاقات کی اور چند اہم معاملات پر عمومی گفتگو ہوئی۔ جلد ہی مہاوکاس اگھاڑی کی ایک مشترکہ میٹنگ طلب کی جائے گی۔ ریاست میں بگڑتے حالات پر بات کرتے ہوئے جینت پاٹل نے کہا کہ سرپرست وزیر کے عہدے کے تنازعے میں ہماری ایک بہن کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے، جو ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے دوران ریاست میں عوام کو ان واقعات کی عادت سی ہوگئی ہے، اور اب کوئی بھی کسی بھی پارٹی میں شامل ہو، عوام سخت ردعمل ظاہر کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔

بدلا پور کے معاملے پر بات کرتے ہوئے جینت پاٹل نے کہا کہ وہاں ایک اسکول کے مالک کو بچانے کے لیے جان بوجھ کر کچھ حقائق چھپائے جا رہے ہیں۔ اکشے کے انکاوٴنٹر کے حوالے سے بھی کئی سوالات اٹھ رہے ہیں، اور یہ شبہ پیدا ہوتا ہے کہ کہیں حقائق کو دبانے کے لیے یہ قدم تو نہیں اٹھایا گیا۔ جینت پاٹل نے حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں نظم و ضبط بحال کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، ورنہ عوام کا اعتماد مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔

NCP-SP Urdu News1. 20 January 25.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading