MPCC Urdu News 31 July 21

آزادی کی پلاٹینم جوبلی کے موقع پر’رائیگاں نہ جائے قربانی‘ کے تحت ریاست گیر مہم چلائی جائے گی: ناناپٹولے

آزادی سے قبل ا بعد میں ملک کی تعمیروترقی میں کانگریس کے کردار سے نوجوان طبقے کوروشناش کرایا جائے گا

ممبئی: آزادی کی پلاٹینم جوبلی کے موقع پر ریاستی کانگریس کی جانب سے ’رائیگاں نہ جائے قربانی‘ کی مہم کے تحت سال بھر مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔ یکم اگست سے پونے کے تلک واڑہ سے اس مہم کی شروعات کی جائے گی اور15؍اگست اوراس کے بعد سال بھر یہ مہم ریاست بھر میں چلائی جائے گی۔ اس مہم کے ذریعے تحریکِ آزادی میں کانگریس کا کردار اور آزادی کے بعد ملک کی تعمیر وترقی میں کانگریس کی حصہ داری سے ملک کے نوجوان طبقے کو روشناش کرایا جائے گا۔ یہ اطلاع آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدرناناپٹولے نے دی ہے۔

اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے پٹولے نے کہا کہ ملک کی تحریکِ آزادی میں کانگریس کا اہم کردار رہا ہے۔ کانگریس کے پرچم تلے پوراملک آزادی کے لئے برٹش حکومت کے خلاف کھڑا رہا۔ لوک مانیہ تلک، مہاتماگاندھی، پنڈت جواہرلعل نہرو، سردار ولبھ بھائی پٹیل اورمولاناآزادکی قیادت میں مختلف طریقوں سے برطانوی حکومت کو مجبورکیاگیا۔اس جدوجہدمیں ہزاروں لوگوں نے قربانیاں دیں، بہتوں کو برطانوی حکومت کی ظلم وزیادتی برداشت کرنی پڑی،لاٹھی ڈنڈے کھانے پڑے، ہزاروں کوجیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈالا گیالیکن حصولِ آزادی سے کوئی سودانہیں کیا۔ آزادی کے بعد بھی ملک کی تعمیر وترقی میں کانگریس کی قیادت والی حکومت نے اہم کردار ادا کیا جس کی وجہ سے دنیا کے سامنے آج ہمارا ملک فخر کے ساتھ کھڑا ہے۔ لیکن کچھ لوگ کانگریس، گاندھی ونہرو خاندان پر نہایت گھٹیا سطح کی تنقید کررہے ہیں۔ جبکہ تحریکِ آزادی میں کانگریس کی حصہ داری اور آزادی کے بعد ملک کی تعمیر میں کانگریس کے کردار سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ناناپٹولے نے کہا کہ اس مہم کی شروعات کرتے ہوئے پونے کے کانگریس کے قدیم گھرانوں کے وارثین کوبلایا جائے گا۔ ریاست کے 15؍ہزار سے زائد مجاہدینِ آزادی کوان کے ہی علاقے میں اعزازواکرام کیا جائے گا۔ آزادی کی تحریک کے تاریخی واقعات جیسے فیض پور کنونشن، آشٹی چمور کی لڑائی، نندوربار کے شریش کمار کی قربانی اورگوالیاٹینک جیسے تاریخی مقامات پر پروگرامس کا انعقاد کیا جائے گا۔ تحریکِ آزادی سے متعلق تصاویر کی نمائش کی جائے گی۔

مہم کے بارے میں ناناپٹولے نے کہا کہ پہلے مرحلے میں یکم اگست کو پونے میں پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا، اس کے بعد ۷ ؍اگست کی صبح جلگاؤں ضلع کے فیض پور میں تحریکِ آزادی کے شہداء و مجاہدین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے نیز مجاہدین کا اعزازواکرام کیا جائے گا۔ آزادی کی لڑائی کے دوران ضلع دھولیہ کے چمتھانہ کے جس جنگل میں برطانوی حکومت کا خزانہ لوٹا گیا تھا، اس جگہ پر دوپہر ۴بجے پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا اور مشعل مورچا نکالا جائے گا۔۸؍اگست کی صبح نندوربار میں 14؍سالہ شریش کمار مہتا کی یاد میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا جسے انگریزوں نے آزادی طلب کرنے کی پاداش میں گولی مار دی تھی۔ اس کے بعدناسک میں دوپہر ۴ بجے عظیم انقلابی اننت کنہرے کی یاد میں ایک پروگرام منعقدکیا جائے گا اور ایک پروگرام ۹ ؍اگست کو ممبئی کے گولیاٹینک میں منعقد کیا جائے گا۔اس مہم کے لئے ریاستی جنرل سکریٹری ابھئے چھاجیڑ وونائک دیشمکھ پرکوآڈینٹر کی ذمہ داری ہے جبکہ شمالی مہاراشٹر میں قبائلی ترقی کے وزیر کے سی پاڈوی نے ذمہ داری لی ہے۔