MPCC Urdu News 28 March 23

بی جے پی نے عوام کے بنیادی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے ساورکر کا معاملہ اٹھایا ہے: نانا پٹولے

بی جے پی کے پاس مہنگائی، بے روزگاری اور کسانوں کے سوالوں کا کوئی جواب نہیں ہے

راہل گاندھی اور کانگریس ملک میں جمہوریت اور آئین کو بچانے کی لڑائی لڑ رہے ہیں

ممبئی: بی جے پی کی حکومت کے پاس ملک کے عوام کے سوالوں کا کوئی جواب نہیں ہے۔ مرکز کی مودی حکومت تمام محاذوں پر بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے الزام لگایا ہے کہ عوام مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے پریشان ہیں اور بی جے پی ان کا جواب نہیں دے سکتی، اس لیے حکمران جماعتوں نے عوام کے بنیادی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے ساورکر کا معاملہ اٹھایا ہے۔

نانا پٹولے نے کہا کہ گزشتہ 9 سالوں سے مرکز میں نریندر مودی کی قیادت والی حکومت ہے لیکن اس حکومت نے عوام کی بھلائی کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔ ملک کی معیشت پر مسلسل بوجھ بڑھتاجا رہا ہے۔ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ رکھی ہے جس کی وجہ سے عوام کا جینا محال ہو گیا ہے۔ نوجوانوں کو نوکریوں کے انتظار میں بے روزگاری کی مار جھیل رہے ہیں اوران کا مستقبل تاریک ہو چکا ہے۔ کسانوں کو ان کی پیداوار کی صحیح قیمت نہیں مل رہی۔ زراعت کے لیے ضروری سامان، کھاد، بیج مہنگے ہو گئے ہیں۔ مودی حکومت ان تمام مسائل کو حل کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ عوام کے ان بنیادی مسائل پر بی جے پی کے پاس کہنے کو کچھ نہیں ہے، اس لیے ساورکر کے معاملے کو سامنے لا کر بنیادی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کی دانستہ کوشش کی جا رہی ہے۔

نانا پٹولے نے کہا کہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی مسلسل وزیر اعظم نریندر مودی سے لوگوں کے سوالوں کے جواب مانگ رہے ہیں۔ راہل گاندھی ملک کے واحد لیڈر ہیں جو مودی حکومت کی ناکامیوں کے خلاف بھرپور آواز اٹھا رہے ہیں۔ اس کے جواب میں بی جے پی نے ایک سازش کے تحت راہل گاندھی کو بدنام کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن ناکام رہی۔ راہل گاندھی کی لوک سبھا رکنیت منسوخ کرنے کے بعد اب بی جے پی نے دہلی میں ان کو سرکاری رہائش گاہ خالی کرنے کے لیے کہا ہے۔ اس سے پہلے گاندھی خاندان کے خلاف ای ڈی انکوائری شروع کی گئی تھی لیکن راہل گاندھی پیچھے نہیں ہٹے تھے۔ نانا پٹولے نے یہ بھی کہا کہ ملک میں جمہوری نظام اور آئین خطرے میں ہے۔ ملک کے تمام ادارے حکومت کی کٹھ پتلی بن چکے ہیں۔ اس آمریت کے خلاف لڑنے کی ضرورت ہے اور راہل گاندھی اور کانگریس پارٹی جمہوریت اور آئین کو بچانے کی لڑائی لڑ رہے ہیں اورآئندہ بھی لڑتے رہیں گے۔