میونسپل کارپوریشن انتخابات میں ونچت بہوجن اگھاڑی کے ساتھ اتحاد کی کوششیں جاری

مثبت پیش رفت کی امید، ریاستی کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال کا اعلان

ممبئی: ریاست میں ہونے والے میونسپل کارپوریشن انتخابات کے پیشِ نظر کانگریس پارٹی اور ونچت بہوجن اگھاڑی کے درمیان اتحاد قائم کرنے کے لیے سنجیدہ سطح پر بات چیت جاری ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے واضح کیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں اتحاد کے امکانات کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں جانب سے مخلصانہ اور بامقصد کوششیں کی جا رہی ہیں۔ گزشتہ بلدیاتی انتخابات میں کانگریس نے اتحاد یا تنہا الیکشن لڑنے کا اختیار مقامی قیادت کو دیا تھا اور اسی طرح ونچت بہوجن اگھاڑی نے بھی اپنے مقامی قائدین کو یہ آزادی دی تھی۔ آج بھی کئی حلقوں سے یہ خواہش ظاہر کی جا رہی ہے کہ کانگریس اور ونچت کے درمیان مفاہمت ہو اور اسی مقصد سے قائدین کے درمیان آپسی بات چیت ہو رہی ہے۔

کانگریس پارٹی کی ریاستی انتخابی کمیٹی کی ایک اہم اور تفصیلی میٹنگ آج تلک بھون، دادر میں ہرش وردھن سپکال کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اس اجلاس میں ریاست بھر کی 28 میونسپل کارپوریشنوں کے لیے امیدواروں کے ناموں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور ضلع کانگریس کمیٹیوں کی جانب سے موصولہ سفارشات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سماجی توازن اور نام نہاد سوشل انجینئرنگ کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹکٹوں کی تقسیم پر بھی سنجیدہ بحث ہوئی، جسے پارٹی کے لیے ایک اہم تنظیمی مرحلہ قرار دیا گیا۔

اس میٹنگ میں کانگریس کے کئی سینئر رہنما شریک ہوئے، جن میں قانون ساز کانگریس پارٹی کے لیڈر وجے وڈیٹی وار، قانون ساز کونسل میں کانگریس کے گروپ لیڈر ستیش عرف بنٹی پاٹل، سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان، سشیل کمار شندے، سابق وزیر نسیم خان، سابق رکن پارلیمنٹ چندرکانت ہنڈورے اور دیگر سینئر قائدین شامل تھے۔ اس کے علاوہ خواتین کانگریس، یوتھ کانگریس، سیوادل اور این ایس یو آئی کے ریاستی عہدیداران بھی اجلاس میں موجود تھے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے اعلان کے فوراً بعد کانگریس نے اپنی انتخابی حکمتِ عملی پر کام شروع کر دیا تھا اور امیدواروں کے انتخاب و انتخابی انتظام کے لیے منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ آج کی میٹنگ میں پارٹی نے ایک اور اہم مرحلہ طے کیا ہے، جس کے بعد امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دینے کا عمل تیز ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ مہاوکاس اگھاڑی اور انڈیا الائنس کے اتحادی کے طور پر کانگریس کی شیو سینا (ادھو ٹھاکرے) کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے اور تنظیمی سطح پر قائدین کو اس ضمن میں ضروری ہدایات دی جا چکی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں سپکال نے کہا کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن میں اتحاد کے حوالے سے ہونے والی بات چیت میں وہ خود براہِ راست شامل نہیں ہیں، مگر آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری یو بی وینکٹیش ونچت بہوجن اگھاڑی کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں اور پارٹی نے اس رابطے کی ذمہ داری چند منتخب رہنماؤں کو سونپی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اگر اتحاد کی تجویز باضابطہ طور پر سامنے آتی ہے تو کانگریس اس پر سنجیدگی سے غور کرے گی۔

MPCC Urdu News 25 December 25.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading