برطانوی اخبار ٹیلی گراف کو دیے گئے ایک انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ امریکہ کو نیٹو سے نکالنے پر ’سنجیدگی سے غور‘ کر رہے ہیں۔
اخبار کے مطابق ٹرمپ نے نیٹو اتحاد کو ’کاغذی شیر‘ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ برطانیہ کے پاس بحریہ نہیں ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ مشرق وسطیٰ میں تنازع کے بعد نیٹو میں امریکہ کی رکنیت پر نظر ثانی کریں گے تو ٹرمپ کا کہنا تھا: ’اوہ ہاں، میں تو کہتا ہوں کہ یہ معاملہ اب نظرثانی سے بھی آگے جا چکا ہے۔۔۔‘
امریکی صدر نے مزید کہا: ’میں کبھی بھی نیٹو سے قائل نہیں ہوا۔ میں ہمیشہ جانتا تھا کہ یہ ایک کاغذی شیر ہے اور یہ بات پوتن بھی جانتے ہیں۔‘
برطانیہ کے جنگی بحری بیڑے کی حالت کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے کہا: ’آپ کے پاس تو بحریہ ہی نہیں ہے۔ آپ بہت پرانے ہیں اور آپ کے پاس ایسے طیارہ بردار جہاز تھے جو کام ہی نہیں کرتے۔‘