تھانے میں کچرے کے ڈبے غائب ہونے کا معاملہ
کانگریس کا انتظامیہ پر گھوٹالے کا الزام

تھانے: آفتاب شیخ
تھانے شہر (ضلع) کانگریس نے میونسپل کارپوریشن کے ویسٹ مینجمنٹ نظام میں مبینہ بے ضابطگیوں کا معاملہ اٹھاتے ہوئے انتظامیہ کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ شہر میں لاکھوں روپے کی لاگت سے نصب کیے گئے سٹین لیس سٹیل کے کچرے کے ڈبے اچانک غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ کئی مقامات پر صرف لوہے کے خالی اسٹینڈ ہی نظر آ رہے ہیں، جس کے باعث بڑے پیمانے پر گھوٹالے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ کانگریس کے چیف ترجمان راہل پنگلے نے اس معاملے پر براہ راست انتظامیہ کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد کچرے کے ڈبے، جو پہلے اچھی حالت میں تھے، اپنی جگہ سے اکھڑ کر سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر پڑے دیکھے جا رہے ہیں۔ ناقص تنصیب اور دیکھ بھال کے فقدان کے باعث یہ صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے، جبکہ میونسپل انتظامیہ کی مبینہ لاپروائی پر شہریوں میں ناراضگی بڑھ رہی ہے۔ راہل پنگلے نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کے پیسوں کے اس ضیاع کو روکنے کے لیے فوری اور سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔
کانگریس کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سمارٹ سٹی، ایم ایل اے اور ایم پی فنڈز سمیت مختلف ذرائع سے نصب کیے گئے تمام کچرے کے ڈبوں کا فوری فزیکل آڈٹ کیا جائے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں ہونے والے اخراجات، ڈبوں کے معیار اور ان کی موجودگی سے متعلق تفصیلی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ شہر بھر میں بکھرے اور پڑے سٹیل کے کچرے کے ڈبوں کو جمع کرکے دوبارہ مناسب مقامات پر نصب کرنے اور آئندہ ضرورت کے مطابق منصوبہ بندی کے تحت ڈبے لگانے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔ متعلقہ محکموں کی جوابدہی طے کرتے ہوئے قصورواروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی زور پکڑ رہا ہے۔
دریں اثنا راہل پنگلے نے انتباہ دیا ہے کہ اگر اس معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا تو کانگریس کارکنان شہر بھر سے کچرے کے ڈبے جمع کرکے میونسپل کارپوریشن ہیڈکوارٹر کے سامنے ڈال کر احتجاج کریں گے۔