MPCC Urdu News 21 January 26

کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال جمعہ کو وارانسی کے دورے پر

مودی–یوگی حکومت کی جانب سے بلڈوزر چلا کر مسمار کیے گئے منی کرنیکا گھاٹ کا معائنہ کریں گے

ممبئی: مودی–یوگی کی ڈبل انجن حکومت نے کاشی میں واقع ہندوؤں کے اس مقدس منی کرنیکا گھاٹ کو بلڈوزر چلا کر مسمار کر دیا ہے جسے پُنیہ شلوک اہلیابائی ہولکر نے تعمیر کروایا تھا۔ گھاٹ پر موجود اہلیابائی ہولکر کا مجسمہ اور شیولِنگ کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے۔ یہ اقدام نہ صرف ہندوؤں کے مذہبی عقیدت بلکہ ہندوستان کے تہذیبی و ثقافتی ورثے پر بھی براہِ راست حملہ ہے۔

اس سنگین معاملے کی زمینی حقیقت جانچنے اور خود جائے وقوعہ پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال جمعہ کو وارانسی کے دورے پر جا رہے ہیں۔ ان کے ہمراہ ریاستی کانگریس کے سینئر ترجمان اتُل لونڈھے، کانگریس او بی سی شعبے کے ریاستی صدر یش پال بھِنگے، نیز کانگریس پارٹی اور دھنکر سماج سے وابستہ مختلف عہدیداران بھی موجود رہیں گے۔ یہ وفد منی کرنیکا گھاٹ کا دورہ کر کے بی جے پی کی بلڈوزر سرکار کی جانب سے کی گئی توڑ پھوڑ اور مسماری کا معائنہ کرے گا۔

منی کرنیکا گھاٹ ہندو دھرم میں غیر معمولی تقدس اور تاریخی اہمیت کا حامل مقام سمجھا جاتا ہے، جہاں آخری رسومات کی ادائیگی کو موکش سے جوڑا جاتا ہے۔ لیکن ’ترقی‘ کے خوش نما نعرے کے تحت اس گھاٹ کی مسماری کر کے مذہبی جذبات کو شدید ٹھیس پہنچائی گئی ہے۔ اس سے قبل بھی مودی اور یوگی حکومت کے دور میں کاشی کے اطراف واقع سیکڑوں مندروں کو مسمار کیا جا چکا ہے۔ اب منی کرنیکا گھاٹ، وہاں موجود دیوی دیوتاؤں کی مورتیوں اور چھوٹے مندروں کو نقصان پہنچا کر پُنیہ شلوک اہلیابائی ہولکر کے عظیم تاریخی کارناموں کی توہین کی گئی ہے۔

کانگریس کے ریاستی صدر کے مطابق یہ معاملہ صرف اہلیابائی ہولکر کی وراثت تک محدود نہیں بلکہ دھنکر سماج اور پورے ہندو سماج کی مذہبی عقیدت کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کا یہ اقدام ثقافت، روایت اور تاریخ کو مٹانے کی دانستہ کوشش ہے، جسے ہرگز قبول نہیں کیا جا سکتا۔ کانگریس پارٹی اس معاملے پر خاموش نہیں رہے گی اور حقائق کو عوام کے سامنے لانے کے لیے ہر ممکن جدوجہد کرے گی۔

MPCC Urdu News 21 January 26.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading