تعلیمی سال 2026-27 کے لیے RTE کے تحت 25 فیصد آن لائن داخلہ عمل میں اس کول رجسٹریشن کی مدت میں توسیع

تعلیمی سال 2026-27 کے لیے RTE کے تحت 25 فیصد آن لائن داخلہ عمل میں اسکول رجسٹریشن کی مدت میں توسیع

تھانے (آفتاب شیخ)

تعلیم کے حق قانون (آر ٹی ای) کے تحت تعلیمی سال 2026-27 کے لیے معاشی طور پر کمزور اور پسماندہ طبقات کے طلبہ کو نجی غیر امدادی اور خود مالی امداد پر چلنے والے اسکولوں میں 25 فیصد مخصوص نشستوں پر داخلہ فراہم کرنے کے لیے آن لائن داخلہ عمل نافذ کیا جا رہا ہے۔

داخلہ عمل کے پہلے مرحلے میں غیر امدادی اور سیلف فائنانسڈ اسکولوں کے لیے اسکول رجسٹریشن اور اسکول کی تصدیق کا عمل جمعہ 9 جنوری 2026 سے 19 جنوری 2026 تک متعلقہ ویب سائٹ کے ذریعے جاری رکھا گیا تھا۔ تاہم، مقررہ مدت میں آر ٹی ای کے تحت اسکول رجسٹریشن اور تصدیق کا عمل خاطر خواہ حد تک مکمل نہ ہو سکا، جس کے پیش نظر ڈائریکٹر آف ایجوکیشن (پرائمری)، ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن پونے کی جانب سے 19 جنوری 2026 کو جاری کردہ خط کے مطابق اس عمل کی مدت میں توسیع دی گئی ہے۔

اس کے مطابق اب اسکول رجسٹریشن اور اسکول کی تصدیق کے لیے 20 جنوری 2026 سے 27 جنوری 2026 تک کی مہلت دی گئی ہے، اور تمام متعلقہ غیر امدادی و سیلف فنانسڈ اسکولوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنی آن لائن رجسٹریشن اور تصدیق کا عمل لازمی طور پر مکمل کریں۔

اسکولوں کی تصدیق کے دوران خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ بند ہو چکے اسکول، اقلیتی درجہ رکھنے والے اسکول، غیر مجاز اسکول اور منتقل شدہ اسکولوں کو آر ٹی ای ایکٹ کے مطابق تعلیمی سال 2026-27 کے لیے 25 فیصد داخلہ عمل میں شامل نہ کیا جائے۔ اس کے ساتھ یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ اسکول جس تعلیمی بورڈ سے منظور شدہ ہے، رجسٹریشن کے وقت اسی بورڈ کا درست انتخاب کیا جائے اور کسی بھی قسم کی غلط، نامکمل یا گمراہ کن معلومات درج نہ کی جائیں۔

اس ضمن میں تمام میونسپل کارپوریشنوں کے ایجوکیشن آفیسرز، ایڈمنسٹریشن آفیسرز اور پنچایت سمیتی کے گروپ ایجوکیشن آفیسرز کو بھی واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ باہمی تال میل کے ساتھ آر ٹی ای داخلہ عمل کو شفاف، درست اور مقررہ وقت میں مکمل کروانا یقینی بنائیں۔ یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ مدت کے بعد کسی قسم کی مزید توسیع نہیں دی جائے گی۔

حکومت کی جانب سے سماج کے کمزور اور پسماندہ طبقات کے بچوں کو معیاری تعلیم اور مساوی مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے آر ٹی ای کے تحت 25 فیصد داخلہ عمل نافذ کیا جا رہا ہے، لہٰذا تمام متعلقہ اسکول انتظامیہ اس عمل کو سنجیدگی سے لے اور مقررہ وقت میں تمام ضروری کارروائی مکمل کرے، یہ ہدایت ایجوکیشن آفیسر (پرائمری) ضلع پریشد تھانے بالاصاحب راکشے نے دی ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading