ریاست میں جنگل راج، خواتین اور لڑکیاں غیر محفوظ، وزیر داخلہ دیویندر فڑنویس استعفیٰ دیں: ہریش وردھن سپکال

ممبئی: مہاراشٹر میں خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم نے یہ واضح کر دیا ہے کہ ریاست اب خواتین اور لڑکیوں کے لیے محفوظ نہیں رہی۔ مرکزی وزیر رکشا کھڈسے کی بیٹی کو اوباش عناصر نے ہراساں کیا، ان کے سیکیورٹی گارڈز کے ساتھ بدسلوکی کی گئی، لیکن ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ یہاں تک کہ کھڈسے کو خود پولیس اسٹیشن جا کر احتجاج کرنا پڑا، جو ریاست میں جنگل راج کی علامت ہے۔ ان بڑھتے ہوئے واقعات نے مہاراشٹر کے وقار کو مجروح کیا ہے اور یہ ثابت کر دیا ہے کہ وزیر داخلہ دیویندر فڑنویس امن و امان قائم رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ انہیں فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہو جانا چاہیے۔ یہ مطالبہ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہریش وردھن سپکال نے کیا ہے۔

کانگریس کے ریاستی صدر نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں غنڈہ گردی اپنے عروج پر ہے کیونکہ مجرموں کو حکومتی سرپرستی حاصل ہے۔ اگر مرکزی وزرا کی بیٹیاں بھی غیر محفوظ ہیں تو عام شہریوں کی بیٹیوں کی کیا حالت ہوگی؟ دیویندر فڈنویس بطور وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ دونوں حیثیتوں میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ سیکیورٹی گارڈز کی موجودگی کے باوجود وزیر کی بیٹی کو ہراساں کیا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ قانون کی حکمرانی ختم ہو چکی ہے۔ اس کے بعد جب مرکزی وزیر کو ملزمان کی گرفتاری کے لیے خود پولیس اسٹیشن جا کر احتجاج کرنا پڑے، تو یہ واضح ہو جاتا ہے کہ مہاراشٹر میں پولیس کا نہیں بلکہ مجرموں کا راج ہے۔

ریاستی کانگریس کے صدر نے کہا کہ مہا یوتی حکومت نے سابق پولیس ڈائریکٹر جنرل ریشمی شکلا کو جبری طور پر توسیع دی، لیکن ان کی اور دیویندر فڑنویس کی پولیس فورس پر گرفت ختم ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے مجرموں کے حوصلے بلند ہو گئے ہیں۔ ریاست کو ایک مضبوط پولیس ڈائریکٹر جنرل اور ایک کل وقتی وزیر داخلہ درکار ہے۔ جب تک یہ نہیں ہوتا، نہ تو جرائم پر قابو پایا جا سکتا ہے اور نہ ہی خواتین پر ہونے والے مظالم کو روکا جا سکتا ہے۔ لہٰذا ریشمی شکلا کو فوری طور پر برطرف کیا جائے اور دیویندر فڑنویس اپنے عہدے سے استعفیٰ دے کر ریاست کو ایک مؤثر اور کل وقتی وزیر داخلہ فراہم کریں۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading