فسادات کے ذریعے مہاراشٹر کو غیرمستحکم کرنے کی بی جے پی کی سازش:

ریاست کے عوام بی جے پی کی سازش کا شکار نہ ہوں، افواہوں پریقین نہ رکھیں اور امن وامان برقرار رکھیں ناناپٹولے

اتر پردیش سمیت پانچ ریاستوں کے انتخابات کے لئے بی جے پی کی فسادکی سیاست

ممبئی: تریپورہ میں رونماہونے والے واقعات کے نتیجے میں امراؤتی، ناندیڑ اور مالیگاؤں سمیت مہاراشٹر کے کچھ حصوں میں ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اترپردیش سمیت پانچ ریاستوں میں جلد ہی اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں اوربی جے پی اپنی روایت کے مطابق فسادات بھڑکا کر ان انتخابات میں فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ اسی لئے مہاراشٹر میں فساد کی آگ جلاکربی جے پی اس پر اترپردیش کی سیاسی روٹی سینکنے کی بی جے پی کی سازش ہے۔ عوام کو چاہئے کہ وہ بی جے پی کی اس سازش کا شکار نہ ہوں۔ افواہوں پر یقین نہ کریں اور امن وامان کو برقرار رکھیں۔ یہ اپیل آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نے کی ہے۔

کل اورآج امراؤتی وناندیڑ سمیت کچھ علاقوں میں رونما ہونے والے پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے ناناپٹولے نے کہا کہ مہاراشٹر میں کانگریس، این سی پی وشیوسینا کی حکومت گزشتہ دوسالوں سے نہایت مستحکم ہے اور اسے غیرمستحکم کرنے کے لئے بی جے پی کی شب وروز کوششیں جاری ہیں مگر وہ کامیاب نہیں ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی کے تئیں عوام میں زبردست ناراضگی ہے۔ مہنگائی، بیروزگاری، تباہ ہوتی معیشت، چین کی دراندازی اور کسانوں کے مسائل وغیرہ پر عوا م میں زبردست بے چینی ہے۔ بی جے پی عوام کی توجہ ان بنیادی مسائل سے بھٹکانے لئے فساد کی سازش رچ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تشدد میں ملوث لوگوں کے خلاف حکومت کارروائی تو کرے گی ہی لیکن اس تشددکو ہوادینے والوں کو بھی نہیں بخشاجائے گا۔

ناناپٹولے نے کہا کہ سماج کے دوطبقوں کے درمیان تنازعہ پیدا کرکے اس پر اپنی سیاسی روٹی سینکنا بی جے پی کی تاریخ رہی ہے۔ وہ ملک کے سنگین مسائل پر عوام کی ناراضگی کا سامنا نہیں کر سکتی کیونکہ عوام میں بی جے پی اور مودی حکومت کے خلاف شدید بے اطمینانی ہے۔ اس بے اطمینانی وناراضگی کے اثرات اترپردیش سمیت پانچ ریاستوں کے ہونے والے انتخابات پر نہ پڑیں اس لئے فسادات بھڑکا کر ووٹوں کاپولرائزیشن کرنے کی بی جے پی کا سازشی منصوبہ ہے۔ مہاراشٹر کی عوام سے میری اپیل ہے کہ وہ بی جے پی کی اس فسادی سازش کا شکار نہ ہوتے ہوئے امن وامان برقرار رکھیں اور افواہوں پر ذرا بھی دھیان نہ دیں۔حکومت اورپولیس اپناکام کرے گی اورحالات کو خراب کرنے والی کسی بھی شخص کو نہیں بخشے گی۔