MPCC Urdu News 1 Feb 24

جملے بازبی جے پی حکومت کا ایک اور جملے باز بجٹ: ناناپٹولے

عام لوگوں کو لوٹنا اور امیروں کو بانٹنا ہی مودی حکومت کی پالیسی ہے

گزشتہ 10 سالوں میں پیش کیے گئے بجٹ کے اعلانات پر عمل درآمد صفر

کسانوں، مزدوروں، نوجوانوں ، متوسط طبقہ اور عام لوگوں کو بجٹ سے سخت مایوسی

ممبئی:مرکز میں نریندر مودی کی قیادت والی بی جے پی حکومت نے اپنے آخری عبوری بجٹ میں خود اپنے ہی ہاتھوں اپنی پیٹھ تھپتھپانے کی کوشش کی ہے۔ ہمیشہ کی طرح بڑے اعداد وشمار بتا کر کچھ ایسا تاثردینے کی کوشش کی گئی گویاکوئی انقلابی قدم اٹھایا جارہا ہے۔ اس عبوری بجٹ نے کسانوں، مزدوروں، خواتین، نوجوانوں، متوسط طبقے سمیت عام لوگوں کو مایوس کیا ہے۔یہ جملے باز بی جے پی حکومت کاایک اورجملے باز بجٹ ہے۔ یہ باتیں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ مودی حکومت کی پالیسی عام لوگوں کو لوٹنے اور امیروں کو دینے کی ہے۔

مرکزی بجٹ پر بات کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ بجٹ پیش کرتے ہوئے یہ بتایا گیا کہ پردھان منتری کسان یوجنا کے ذریعے 12 کروڑ کسانوں کو سرکاری امداد، پردھان منتری کسان سمان ندھی کی رقم براہ راست کسانوں کے کھاتوں میں اور 4 کروڑ کسانوں کو پردھان منتری فصل بیما یوجنا، زرعی پیداوار کے لیے وقتا فوقتا ایم ایس پی بڑھائی جاتی ہے۔ لیکن ایم ایس پی کا قانون ابھی تک بنایا ہی نہیں گیا۔ کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے اور زرعی مصنوعات کی قیمتوں کی ضمانت دینے کا وعدہ 10 سال میں بھی پورا نہیں ہوا۔ کھاد، بیج، ڈیزل مہنگا کر دیا گیا ہے اور زرعی سامان پر جی ایس ٹی لگا کر کسانوں کو لوٹا جا رہا ہے۔ 10 سالوں میں کسانوں کی خودکشی میں اضافہ ہوا ہے۔ اس بجٹ میں کھاد کی سبسڈی میں 13 فیصد کمی کی گئی ہے، جس کی وجہ سے کھاد کی قیمتیں بڑھیں گی۔

نانا پٹولے نے کہا کہ وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس کی وصولی بڑھی ہے لیکن کارپوریٹ ٹیکس کی وصولی میں کمی آئی ہے۔ مودی حکومت کی پالیسی متوسط طبقے کو لوٹنا اور امیروں کودینا ہے۔ جی ایس ٹی کو غلط طریقے سے لاگو کرتے ہوئے بی جے پی نے ڈاکٹربابا صاحب امبیڈکر کی اقتصادی پالیسیوں کو داغدار کیا ہے۔ بڑے صنعت کاروں کے 11 لاکھ کروڑ کے قرضے معاف کر دیے گئے ہیں۔ پٹولے نے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں میں بی جے پی حکومت کی پالیسی غریبوں کو ہر جانب سے لوٹنے اور اس لوٹی ہوئی دولت کو مٹھی بھر امیر وںمیں تقسیم کرنے کی رہی ہے۔ ریاستی کانگریس کے صدر نے کہا کہ مودی سرکار کھلے عام کہتی ہے کہ وہ 80 کروڑ لوگوں کو مفت راشن دے رہی ہے، لیکن اگر ملک میں غربت نہیں ہوتی تو 80 کروڑ لوگوں کو مفت راشن دینے کی کیا ضرورت تھی۔ یہ حکومت کی کامیابی نہیں بلکہ زبردست ناکامی ہے۔ وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ بجٹ میں منریگا فنڈز کی مختص رقم کو بڑھادیا گیا ہے لیکن یو پی اے حکومت نے منریگا اسکیم کے ذریعے غریبوں کو جائز روزگار دیا، مگر مودی سرکار نے غریبوں سے ان کی روزی روٹی چھین رہی ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading