قحط سالی کے جائزہ کے لئے اورنگ آباد میں کانگریس کی میٹنگ

اشوک چوہان، رادھا کرشن ویکھے پاٹل سمیت دیگر اہم لیڈران کی شرکت

ممبئی: مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے دیگر علاقوں میں قحط سالی کا جائزہ لینے کے لئے مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی  نے کل یعنی ۱۳؍اکتوبر کو اورنگ آبادکے رادھاکرشن ہال میں صبح ۱۰؍بجے ایک میٹنگ کا انعقاد کیا ہے جس میں ریاستی صدر اشوک چوہان، حزبِ مخالف لیڈر رادھا کرشن ویکھے پاٹل سمیت کانگریس کے ریاستی سطح کے دیگر اہم لیڈران شریک ہونگے۔ اس میٹنگ میں  متاثرہ علاقوں کے لیڈران سے قحط سالی سے متعلق سے معلومات حاصل کرکے اس ضمن میں کئے جانے والے راحت رسانی کے کاموں پر غور وفکر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اس سے قبل کسانوں پر آنے والی مختلف مشکلات کے حل کے لئے بی جے پی وشیوسینا حکومت کی جانب سے کئے جانے والے وعدوں پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اس تعلق سے معلومات دیتے ہوئے ریاستی صدر اشوک چوہان نے کہا کہ ریاست کی صورت حال قحط سالی کی وجہ سے دن بہ دن خراب ہوتی جارہی ہے ، اس کے باوجود فوری طور پر قحط سالی کا اعلان کرنے میں حکومت لاپرواہ نظر آرہی ہے۔ قحط سالی کا اعلان کرنے میں حکومت کی آنا کانی کی وجہ سے ہم قحط سالی کے شکار کسانوں کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس تعلق سے ہم متاثرہ علاقوں کو دورہ کریں گے اور جس قدر ممکن ہوسکے گا، کسانوں ودیگر متاثرین کی مدد کریں گے۔ اس میٹنگ میں سابق وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان، سینئر لیڈر وودھان پریشد کے سابق ڈپٹی چیئرمین مانک راؤٹھاکرے، سابق وزیر برائے محصول ایم ایل اے بالا صاحب تھورات، سابق کووزیر برائے باہمی تعاون ہرش وردھن پاٹل وغیرہ موجود رہیں گے۔ اس کے علاہ اس میٹنگ میں ودربھ، شمالی و مغربی مہاراشٹر کے کانگریس کے اہم لیڈران نیز مراٹھواڑہ کے تمام ممبرانِ پارلیمنٹ، ممبرانِ اسمبلی، ضلع کانگریس کمیٹی کے صدور، ضلع پریشد کے عہدیداران ودیگر لیڈران بھی شریک ہونگے۔

Leave a comment