ناندیڑ:(راست )بانی و مہتمم جامعہ اسلامیہ ادارہ مرکز العلوم (نزد قبا مسجد دیگلور ناکہ ناندیڑ) حضرت مولانا محمد معین الدین قاسمیؒ کی وفات حسرتِ آیات کو آج دو ماہ مکمل ہوئے۔ مولانا محترم کی رخصتی کے بعد اکثر و بیشتر ادارہ مرکزالعلوم ناندیڑ۔جانے اور مشاہدہ کرنے کا مسلسل موقع ملا۔ اس دوران یہ بات شدت سے محسوس کی گئی کہ جنت مکانی مولانا نے مدرسہ مذکور کو انتہائی مناسب ترین جانشین دیئے ہیں۔ ادارہ کی سرگرمیاں اورا س کی فعالیت دیکھ کر یقینا مولانا کی روح شاد ہوگی۔ مولانا محترم کی عدم موجودگی میںادارہ کے موجودہ سربراہ الحاج عبدالوحیدصاحب انجینئرکی رہنمائی میںمولانا مرحوم کے فرزندان موجودہ مہتمم مولانا حامد اظہرالدین کاشفی و محاسب ومنتظم مولوی محمد شہاب الدین ۔ادارہ کو بحسن و خوبی جاری رکھے ہوئے ہیں۔جس طرح مولانا کی زندگی میں ادارہ کی کارکردگی جاری تھی، اس میں مولانا کے دونوں فرزندان نے کچھ اصلاحات بھی کیں۔ ادارہ کی حفاظت اور طلبہ کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لئے 6؍عدد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے ہیں جو 24X7 کارکردگی رہتے ہیں۔ اسی طرح ہمہ وقتی خادم مدرسہ کا تقرر کیا گیا ہے۔ صاف صفائی ، پاکیزگی کے لئے خصوصی نظم دیکھا گیا۔ ادارہ کے طلبہ کے لئے مولانا کی زندگی میں حفظ کا نظم تھا۔ موجودہ مہتمم مولانا حامد اظہرالدین کاشفی نے شعبہ حفظ کے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لئے انعامات کا سلسلہ شروع کیا جس کے مثبت نتائج دیکھنے کو ملے ہیں۔ آج شعبہ حفظ کے ایک طالب علم کو سننے کا موقعہ ملا۔ 14 سالہ عبدالماجد نامی اس طالب علم کا تعلق بہار کے ایک انتہائی غریب خاندان سے ہے۔ امسال شوال میں اس طالب علم نے ادارہ میں داخلہ حاصل کیا۔ یہ جان کر نہایت مسرت ہوئی کہ عبدالماجد نامی اس طالب علم نے ماہِ محرم کے اختتام پر 16؍پارے اچھی طرح یاد کرلئے۔ ہماری موجودگی ہی میں ایک مقامی عالم دین عبدالماجد کے حفظ کا امتحان لے رہے تھے۔ متعلقہ عالم دین نے طالب علم کی بے حد تعریف و ستائش کی اور مزید چند مناسب مشورے بھی دیئے۔ علاوہ ازیں علم ہوا کہ شعبہ حفظ کے چند طلبہ 6/5 دن میں تجوید کے ساتھ ایک پارہ حفظ کررہے ہیں۔ ادارہ میں زیر تعلیم طلبہ کی لگن، دلچسپی اور ادارہ سے قلبی وابستگی کو دیکھ کر ایسا لگا کہ وہ اسے اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ ادارہ کے اساتذہ نہایت شفیق اور محنتی نظر آئے۔ اپنے بچوں کی طرح طلبہ سے پیش آتے ہیں۔ مجموعی اعتبار سے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ حضرت مولانا محمد معین الدین قاسمیؒ کا لگایا ہوا یہ شجر اب انتہائی گھنا اور ثمر آور ثابت ہونے لگا کہ ہم اپنے تاثرات کی روشنی میں ناندیڑ کے سرکردہ علمائے کرام، مفتیان عظام، ائمہ کرام اور عام مسلمانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے طور پر ادارہ کا معائنہ کریں اور ادارہ کی سرگرمیوں کا مشاہدہ کریں۔ ہماری دعا ہے کہ ادارہ مرکزالعلوم ناندیڑاسی طرح دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرتا رہے۔ اسی طرح شہر کے مخیر اصحاب کی توجہہ اس امر کی طرف مبذول کرواتے ہیں کہ ادارہ آمدنی کے اعتبار سے کمزور ہوگیا ہے۔ فوری طور پر ادارہ میں چٹائیوں،اور زیر تعلیم طلبہ کیلئے ملبوسات کی سخت ضرورت ہے، لہٰذا ادارہ کیلئے ہر طرح سے اصحاب خیر کے تعاون کی ضرورت ہے۔ بہت سے کام مالیہ کی قلت کے باعث تعطل کا شکار ہے اور اہل خیر اصحاب کے تعاون سے اسے مکمل کرنے میں آسانی ہوگی۔ تفصیلات کیلئے مہتمم ادارہ مولانا حامد اظہر الدین کاشفی موبائیل نمبر 9422231970,8806377773 کیا جاسکتا ہے۔