AFPامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کے قریبی اتحادی سمجھے جانے والے ملک سعودی عرب کے بارے میں ایک خلاف مصلحت بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے سعودی حکمران شاہ سلمان کو تنبیہ کی تھی کہ وہ امریکی فوج کی حمایت کے بغیر ’دو ہفتے‘ بھی اقتدار میں نہیں سکتے ہیں۔
منگل کو ریاست مسیسپی کے شہر ساؤتھ ہیون میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’ہم سعودی عرب کی حفاظت کرتے ہیں۔ کیا آپ کہیں گے کہ وہ امیر ہیں۔ اور مجھے بادشاہ پسند ہے، بادشاہ سلمان۔ لیکن میں نے کہا تھا کہ ’بادشاہ۔۔۔ ہم تمھاری حفاظت کر رہے ہیں۔ ہمارے بغیر تم دو ہفتے بھی نہیں رہو گے۔ تمھیں اپنی فوج کے لیے معاوضہ ادا کرنا ہوگا۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ انھوں نے ایسا سعودی بادشاہ سے کب کہا تھا۔
اس تلخ بیان کے باوجود ٹرمپ انتظامیہ کے سعودی عرب کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔
گذشتہ سال ڈونلڈ ٹرمپ نے بطور صدر اپنا پہلا غیرملکی دور بھی سعودی عرب کا کیا تھا۔
REUTERSسعودی عرب کے سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے سنیچر کو شاہ سلمان سے بات کی تھی اور انھوں نے تیل کی منڈیوں میں استحکام کے لیے تیل کی فراہمی کوششوں اور عالمی معاشی ترقی کے معاملات پر بات چیت کی۔
سعودی عرب دنیا میں تیل برآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک اور اوپیک کا اہم رکن ہے، جسے ٹرمپ کی جانب سے تیل کی زیادہ قیمتوں پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
گذشتہ ماہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اوپیک رکن ممالک ’معمول کے مطابق پوری دنیا کو لوٹ رہے ہیں۔‘
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’ہم ان میں سے بیشتر ممالک کا بلا وجہ دفاع کر رہے ہیں، اور وہ ہم سے اس کا فائدہ بھاری قیمتوں میں ہمیں تیل دے کر حاصل کر رہے ہیں۔ یہ اچھا نہیں ہے۔ ہم چاہتے ہیں وہ قیمتیں نہ بڑھائیں، ہم چاہتے ہیں کہ وہ قیمتیں میں کمی شروع کریں۔‘ بشکریہ بی بی سی اُردو