
دارالحکومت دہلی واقع جواہرلال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کے طلبہ یونین الیکشن کے نتائج کشیدہ حالات میں اتوار کو دوپہر کے بعد آسکتے ہیں۔ یونیورسٹی میں کشیدہ ماحول کے دوران ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ تقریباً 3 ہزار ووٹوں کی گنتی کے بعد لیفٹ اتحاد مضبوط پوزیشن میں ہے اور جیت کی جانب گامزن ہے۔
جے این یو میں جیسے جیسے ووٹوں کی گنتی بڑھتی جارہی ہے، لیفٹ اتحاد جیت کی راہ پر گامزن ہے۔ اے بی وی پی دوسرے نمبر پر ہے جبکہ برسا امبیڈکر پھولے اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن ( باپسا) کی پوزیشن اس بار مزید خراب ہوتی نظرآرہی ہے۔ راشٹریہ جنتا دل (آرجے ڈی) کے بینرتلے جینت نے صدرعہدے کے لئے قسمت آزمائی کرنے والے جینت کبھی تیسرے تو کبھی چوتھے نمبر پر چل رہے ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ جینت این ایس یوآئی امیدوار سے آگے چل رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 5185 ووٹوں میں سے اب تک 2931 ووٹوں کی گنتی ہوگئی ہے۔ صدرعہدے کے لئے لیفٹ اتحاد کے بالا جی 1075 ووٹ، اے بی وی پی کے للت کو 545، باپسا کے پروین کو 346، آرجے ڈی کے جینت کو 301 اوراین ایس یوآئی کے وکاس کو 212 ووٹ ملے ہیں۔ اسی طرح نائب صدر عہدے کے لئے لیفٹ اتحاد کی ساریکا چودھری کو 1229، اے بی وی پی کی گیتاسری کو 556، باپسا کے پورناچندرا کو 326 اور این ایس یوآئی کے لیجے کو 300 ووٹ ملے ہیں۔
جنرل سکریٹری کے لئے لیفٹ اتحاد کے اعجاز 1225، اے بی وی پی کے گنیش 763، باپسا کے وشمبھر 416 اور این ایس یو آئی کے مفضل کو 416 ووٹ ملے ہیں۔ جوائنٹ سکریٹری کے لئے لیفٹ اتحاد کے اموتھا کو 1048 ، اے بی وی پی کے وینکٹ کو 695، باپسا کے کناکلتا کو 346،این ایس یو آئی کی رینا کو 374 ووٹ ملے ہیں