ممبئی ۔ 8 اکتوبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو راغب کرنے کیلئے دنیا کے اکثر ممالک نے انھیں اپنی سڑکوں پر ہندوستانی ڈرائیونگ لائیسنس پر کار رڈرائیونگ کی اجازت دی ہے ۔ حالیہ عرصہ کے دوران امریکہ ، مغربی یوروپ ، آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ اور دیگر کئی ممالک نے ہندوستانی سیاحوں کو اپنے ملک کا لائیسنس استعمال کرتے ہوئے وہاں کی سڑکوں پر کار چلانے کی سہولت دینے کا اعلان کیا ۔ امریکہ کی اکثر ریاستوں میں ہندوستانی سیاح ان کے ڈرائیونگ لائیسنس پر ایک سال تک امریکی سڑکوں پر کار چلاسکتے ہیں بشرطیکہ ان کا ہندوستانی ڈرائیونگ لائیسنس انگریزی زبان میں جاری کردہ ہو یا پھر اس کاانگریزی ترجمہ منسلک کیا جائے ۔ اکثر ہندوستانی امریکہ ، یوروپ اور دیگر ممالک میں اپنی تفریح کے دوران خود اپنی کاریں چلانا پسند کرتے ہیں، غالباً اس رجحان کو ملحوظ رکھتے ہوئے آسٹریلیا نے بھی گزشتہ ماہ بڑے پیمانے پر مہم شروع کی ۔ ہندوستان اور آسٹریلیا میں سڑکوں اور ٹریفک قواعد میں بڑی حد تک یکسانیت ہے ۔ دونوں ملکوں میں کار اگرچہ دائیں جانب ڈرائیونگ طرز کی ہوتی ہیں لیکن سڑکوں کی بائیں جانب ڈرائیونگ کی جاتی ہے ۔ آسٹریلیا میں شمالی علاقہ کے سواء اکثر ریاستوں میں بین الاقوامی لائیسنس پر کار ڈرائیونگ کی اجازت ہے ۔ سفر و سیاحت کے سرکردہ ادارہ کاکس اینڈ کنگس کی ڈیبولن سین نے کہاکہ ہندوستانی سیاح اب زیادہ سے زیادہ مہم پسند اور مہم جو ہورہے ہیں اور تعطیلات کے دوران بیرونی ممالک میں ’سیلف ڈرائیو‘ جیسے مختلف تجربات سے گذرنا چاہتے ہیں ۔ بیرونی ممالک میں ہندوستانی ، بین الاقومی لائیسنس پر کار ڈرائیونگ کی اجازت سے متعلق ایک سوال پر کاکس اینڈ کنگس نے ایسے ممالک کی ایک طویل فہرست پیش کی جن میں امریکہ ، نیوزی لینڈ ، آسٹریلیا کے علاوہ فرانس، سوئزرلینڈ، ناروے ، انگلینڈ ، اسکاٹ لینڈ ، ویلس وغیرہ بھی شامل ہیں۔