آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں اپنے پانچویں میچ میں ہندوستان نے افغانستان کو 11 رنوں سے ہرا دیا ۔ ہندوستان کی اس جیت کے ہیرو اس کے گیند باز رہے ، جنہوں نے 224 رن کے چھوٹے اسکور کا بھی کامیابی کے ساتھ دفاع کرلیا ۔ حالانکہ اس میچ میں ایک دلچسپ بات دیکھنے کو ملی ، جس نے سبھی کرکٹ مداحوں کو حیران کردیا ۔
یہ دلچسپ بات مین آف دی میچ ہے ۔ دراصل محمد سمیع نے افغانستان کے خلاف میچ میں ہیٹ ٹرک لی ، اس کے باوجود بھی انہیں مین آف دی میچ نہیں دیا گیا بلکہ یہ ایوارڈ تیز گیند باز جسپریت بمراہ کو دیا گیا ۔ محمد سمیع نے 9.5 اوورس میں 40 رن دے کر چار وکٹ لئے جبکہ بمراہ نے 10 اوورس میں 39 رن دے کر دو وکٹ لئے.
اس وجہ سے بمراہ کو ملا ایوارڈ:محمد سمیع نے بھلے ہی ہیٹ ٹرک سمیت 4 وکٹیں لی ہوں ، لیکن اس میچ کا رخ بمراہ نے ہی پلٹا تھا ۔ ایک وقت پر افغانستان کی ٹیم دو وکٹ پر 106 رن بناکر مضبوط پوزیشن میں پہنچ گئی تھی ۔ تاہم بمراہ نے اپنے دوسرے اسپیل میں آکر افغانستان کو ہلا کر رکھ دیا ۔ بمراہ نے پہلے رحمت شاہ کو اپنی باونسر کا شکار بنایا ۔ اس کے بعد پھر اسی اوور میں حشمت اللہ شاہدی کو بھی پویلین کی راہ دکھا کر ہندوستان کی میچ میں واپسی کی۔