سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے درمڈورہ کیگام میں اتوار کی علی الصبح ہونے والے ایک تصادم میں 4 ملی ٹینٹ ہلاک ہو گئے۔ کشمیر زون پولس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ’’شوپیاں انکوانٹر اپڈیٹ۔ چار ملی ٹینٹ مارے گئے۔ اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ شناخت اور تنظیمی وابستگی معلوم کی جا رہی ہے۔‘‘ سیکورٹی اہلکار کی طرف سے درمڈورہ کیگام میں محاصرہ کرنے کے بعد تلاشی مہم چلانے کے بعد تصادم کی شروعات ہوئی۔
#Shopian #encounter update: 04 #terrorists killed. #Arms & #ammunition recovered. #Identities & #affiliations are being ascertained. @JmuKmrPolice pic.twitter.com/ZPq4T8tw97
— Kashmir Zone Police (@KashmirPolice) June 23, 2019
میڈیا رپورٹوں میں ذرائع کے حوالہ سے کہا گیا ہے کہ ’’سیکورٹی فورسز کا آپریشن باغ والے علاقہ میں چلایا جا رہا تھا۔ جونہی سیکورٹی اہلکار نے وہاں چھپے ہوئے ملی ٹینٹوں کا چہار سو سے محاصرہ کیا تو انہوں نے گولی باری شروع کر دی، اس کے بعد دونوں طرف سے گولیوں کا تبادلہ شروع ہو گیا۔‘‘
وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے ایک بیان میں کہا کہ ’’شوپیاں ضلع کے درمڈورہ گاؤں میں چار ملی ٹینٹ مارے گئے ہیں۔ ان کے قبضے سے ہتھیار اور دیگر ساز و سامان برآمد ہوئے ہیں۔‘‘ آپریشن ختم ہو گیا اور ہلاک ہونے والے ملی ٹینٹوں کی شناخت اور ان کی ملی ٹینٹ تنظیم کے بارے میں پتہ لگایا جا رہا ہے۔
ریاستی پولس کے ایک ترجمان نے کہا کہ عوام الناس سے گزارش کی جاتی ہے کہ جب تک بم ڈسپوزل اسکواڈ کی طرف سے ایسی جگہ کو محفوظ قرار نہ دیا جائے کوئی بھی تصادم کی جگہ کا دورہ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ایسی جگہ پر جان لیوا بارودی مواد جیسے زندہ گرینیڈ، آئی ای ڈیز، وغیرہ ہوسکتے ہیں۔ ہم ایسے نوعیت کے حادثات سے بچنے کے لئے لوگوں کے تعاون کے خواہاں ہیں۔‘‘ دریں اثنا انتظامیہ نے احتیاط کے طور پر ضلع شوپیاں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کردی ہیں۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
