کیا انڈیا میں کورونا ویکسین یومِ آزادی، 15 اگست سے دستیاب ہو گی؟

انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) نے امید ظاہر کی ہے کہ انڈیا میں بنائی جانے والی کورونا ویکسین عام لوگوں کے استعمال کے لیے 15 اگست تک دستیاب ہو جانی چاہئے۔ کونسل نے اس ویکسین کے ٹرائل سے وابستہ اداروں کو ایک خط میں یہ بات کہی ہے۔

یہ ویکسین آئی سی ایم آر اور حیدرآباد میں مقیم انڈیا بائیوٹیک کمپنی مل کر بنارہی ہیں۔

آئی سی ایم آر کا کہنا ہے کہ کلینیکل ٹرائل مکمل ہونے کے بعد یہ ویکسین عام لوگوں کے لئے 15 اگست یعنی انڈیا کی آزادی کے دن شروع کی جاسکتی ہے۔

انڈیا کے 12 ادراوں کو کلینیکل ٹرائلز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ آئی سی ایم آر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر بلارام بھگوا نے 2 جولائی کو ان 12 اداروں کو ایک خط میں کہا ہے کہ انھیں 7 جولائی تک کلینیکل ٹرائل کی اجازت لے لینا چاہیے۔

اپنے خط میں ڈاکٹر بھگوا لکھتے ہیں ’کورونا سے بچنے کے لیے آئی سی ایم آر کے ذریعے بنائی گئی ویکسین کے فاسٹ ٹریک ٹرائلز کے لیے انڈیا بائیوٹیک کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے۔‘

’کلینیکل ٹرائل کے بعد، آئی سی ایم آر اس ویکسین کو 15 اگست تک لوگوں تک پہنچانا چاہتا ہے۔ انڈیا بایوٹیک بھی ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہا ہے۔ لیکن اس ویکسین کی کامیابی کا انحصار ان اداروں کی حمایت پر ہے جو کلینیکل ٹرائلز کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔‘

میانک بھگوت، دیپتی باتنی، بی بی سی مراٹھی / بی بی سی تلگو