کچھ اہم قومی خبریں

کانگریس پر شہری ماؤنوازوں کی تائید کا الزام
نکسلائٹس سے متاثر چھتیس گڑھ کو خوشحال بنانے کا عہد : مودی

جگدلپور 9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے کانگریس پر شہری ماؤ نوازوں کی تائید کا الزام عائد کیا اور کہاکہ ماؤنوازوں نے غریب آدیواسی نوجوانوں کی زندگیوں کو تباہ و برباد کردیا ہے۔ مودی نے رواں ماہ کے اواخر میں منعقد شدنی اسمبلی انتخابات کے ضمن میں آج اپنی پہلی ریالی سے خطاب کیا اور کہاکہ ایک خوشحال چھتیس گڑھ کے لئے آنجہانی اٹل بہاری واجپائی کے خوابوں کی تکمیل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ماؤنواز لعنت کا حوالہ دیتے ہوئے مودی نے کہاکہ کانگریس کی زیرقیادت حکومت نے نکسلائیٹ تشدد سے متاثرہ علاقہ بَستر کی ترقی کے لئے کچھ نہیں کیا۔ مودی نے کہاکہ ’’شہری ماؤنواز شہر میں ایرکنڈیشنڈ گھروں میں رہتے ہیں، بظاہر صاف ستھرے نظر آتے ہیں جن کے بچے تو بیرونی ممالک میں پڑھتے ہیں لیکن نکسلائٹوں کے زیراثر علاقوں میں رہنے والے آدیواسی بچوں کو اپنی مرضی کے مطابق ریموٹ کنٹرول کی طرح استعمال کرتے ہیں‘‘۔ مودی نے کہاکہ ’’کانگریس سے مَیں پوچھنا چاہتا ہوں کہ اس نے شہری ماؤنوازوں کی تائید کیوں کی جبکہ حکومت ان (ماؤنواز انتہا پسندوں) کے بارے میں بولتے ہوئے بائیں بازو کی انتہا پسندی کے خلاف کارروائی کررہی ہے‘‘۔

سی بی آئی ڈائرکٹر آستھانہ، سی وی سی اجلاس پر حاضر
رشوت کے الزامات کی تردید، استھانہ نے دستاویزی ثبوت پیش کیا

نئی دہلی 9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی کے ڈائرکٹر الوک ورما لگاتار آج دوسرے دن بھی سنٹرل ویجلنس کمشنر کے وی چودھری کے زیرقیادت پیانل میں حاضر ہوئے اور اپنے نائب و اسپیشل ڈائرکٹر راکیش آستھانہ کی طرف سے عائد کردہ رشوت ستانی کے الزامات کا جواب دیا۔ عہدیداروں نے کہاکہ ورما نے باور کیا جاتا ہے کہ ویجلنس کمشنر ٹی ایم بھاش اور شرد کمار پر مشتمل پیانل میں آستھانہ کی طرف سے عائد کردہ الزامات کا نکتہ بہ نکتہ جواب دیا ہے۔ اس موقع پر سی وی وی تحقیقات کی نگرانی کے لئے سپریم کورٹ کی طرف سے نامزد اس کے ایک ریٹائرڈ جج، جسٹس اے کے پٹنائک بھی موجود تھے۔ ورما جمعہ کی اولین ساعتوں میں سی وی سی دفتر پہونچے تھے تاہم دفتر کے باہر ان کے منتظر میڈیا کے نمائندوں سے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ ورما کے خلاف آستھانہ کے الزامات کی تحقیقات اندرون دو ہفتے مکمل کرنے 26 اکٹوبر کو سپریم کورٹ نے سی وی سی کو ہدایت کی تھی۔

بی جے پی مندر تعمیر سمیت سبھی وعدوں کو پورا کرے گی:سنہا

گونڈہ9نومبر(سیاست ڈاٹ کام ) ریل اور مواصلات کے ریاستی وزیر(آزاد انچارج) منوج سنہا نے کہا کہ بی جے پی آئین کے دائرے میں رہ کر رام مندر تعمیر سمیت عوام سے کئے گئے سبھی وعدے پورا کرے گی۔ مسٹر سنہا نے جمعہ کو اترپردیش میں دیوی پاٹن منڈل کے گونڈہ۔ بہرائچ کے درمیان ایک لمبے وقفے سے بڑی لائن بچھانے کی کام کے تکمیل کے بعد جمعرات کو بڑی ریل گاڑیوں کے آمدو رفت کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت عوام سے کئے سبھی وعدوں کو پورا کرے گی۔رامندر تعمیر کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت عوام سے کئے گئے سبھی وعدے پورا کررہی ہے ۔رام مندرکی تعمیر کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے ۔ آئین کے دائرے میں رہ کر حکومت عوامی مفاد کے سبھی کاموں کو پورا کرے گی۔

چوہے نے چراغ کی لو سے گودام میں آگ لگائی

بڑوانی9نومبر(سیاست ڈاٹ کام )مدھیہ پردیش کے ضلع بڑوانی کے سیندھوا علاقے میں ایک ٹینٹ ہاؤس کے مالک کے گودام کو چوہے نے چراغ کی لو سے ذریعہ آگ کے حوالے کردیا،اس آگ میں لاکھوں کا نقصان ہوگیا۔پولیس ذرائع کے مطابق سیندھوا کے رام کٹورا محلے میں واقع ٹینٹ ہاؤس کے مالک کرن پوار کے گودام پر کل شام اچانک آگ لگ گئی جس میں رکھی پلاسٹک کی کرسیاں،واٹر پروف شامیانے اور دیگر سازوسامان جل کر راکھ ہوگئے۔فائربریگیڈ کے آنے سے پہلے رہائشی علاقے میں بنے اس گودام پر میں لگی آگ پر تقریباً 200 لوگوں نے قابو پالیا۔

جے این پورٹ میں بنیادی سہولیات کا فقدان، حکومت کی سرزنش

ممبئی ، 9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بمبے ہائی کورٹ نے حکومت مہاراشٹرا کی سرزنش کی کہ وہ ضلع رائے گڈ میں جواہرلعل نہرو پورٹ میں اسپتالوں اور سرکاری سڑکوں جیسی بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام ہوئی ہے۔ چیف جسٹس این ایچ پاٹل اور جسٹس جی ایس کلکرنی کی ڈیویژن بنچ گزشتہ ہفتے مفاد عامہ کی عرضی پر سماعت کررہی تھی، جو ’’اُڑان سماجک سنستھا‘‘ نے داخل کرتے ہوئے جے این پی ٹی میں گاڑیوں کی بھاری ٹریفک، طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ پولیس پٹرولنگ کے فقدان کے تعلق سے سوالات اٹھائے ہیں۔ عرضی کے مطابق موجودہ طور پر وہاں محض ایک رورل ہاسپٹل جے این پی ٹی سے آٹھ کیلومیٹر دور واقع ہے، لیکن وہ سنگین نوعیت کے ہنگامی طبی حالات سے نمٹنے کیلئے ضروری سہولتوں سے لیس نہیں ہے۔قبل ازیں جے این پی ٹی نے عدالت کو مطلع کیا تھا کہ حال ہی میں اس نے اپولو ہاسپٹل کے ساتھ معاہدہ کیا اور یہ کہ نو ماہ کی مدت کے اندرون جے این پی ٹی احاطے میں مکمل سہولتوں سے آراستہ ٹراما سنٹر شروع کیا جائے گا۔

عصمت دری کی کوشش کے بعد 3 خواتین پر تیزاب پھینکاگیا

بریلی9نومبر(سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش کے ضلع بریلی کے دیہی علاقے میں پانی پینے آئی خاتون کی عصمت دری میں ناکام رہنے پر ایک گنا کولہوکے مالک نے تین خواتین پر تیزاب پھینک دیا جس سے وہ شدید جھلس گئیں۔پولیس ذرائع نے جمعہ کو یہاں بتایا کہ ایک خاتون اپنے دو بچوں کے ساتھ لکڑی چننے کے لئے گاؤں سے باہر گئی تھی۔شام تقریبا 6:00 بجے وہ آندا پور لکشمی نارائن گاؤں میں دیپک کے کولہو پر پانی پینے کے لئے گئی۔الزم ہے کہ دیپک نے اسے پکڑ لیا اور اس کے ساتھ منھ کالا کرنے کی کو شش کی اور اس کے کپڑے بھی پھاڑ دئیے ۔ خاتون کے ذریعہ اس کی مخالفت کیے جانے پر دیپک نے اس کے ساتھ مار پیٹ بھی کی۔

Leave a comment