کویت کی پارلیمان تحلیل، قبل ازوقت عام انتخابات کرانے کا اعلان

کویت کے ولی عہد شیخ میشل الاحمد الصباح نے بدھ کے روز پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا اعلان کیا ہے اور قانونی اور آئینی رہ نما خطوط کے مطابق عام انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔کویت کے آئین کے آرٹیکل 107 کی بنیاد پراس فیصلے کا مقصد ملک میں سیاسی راستہ درست کرنا ہے۔امیرِکویت شیخ نواف الاحمد الجابرالصباح کی جانب سے ایک تقریر میں شیخ میشل نے کہا کہ ہم نے قومی اسمبلی کوتحلیل کرنے اور عام انتخابات منعقد کرانے کا فیصلہ کیاہے۔عوام خود ان لوگوں کا انتخاب کرکے سیاسی منظرنامے کو درست کرسکتے ہیں جو ان کی مناسب نمائندگی کرتے ہیں۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ ایگزیکٹواتھارٹی نے اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام نہیں دیے ہیں۔کچھ عہدے داروں نے سیاسی استحکام کے حصول اورملک اوراس کے عوام کی خدمت کے لیے کام کرنے کاعہد نہیں کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ان سب کے نتیجے میں ایسے طریقے سامنے آئے ہیں جن سے قومی اتحاد کو خطرہ لاحق ہے اورجو شہریوں کی امنگوں سے ہم آہنگ نہیں ہیں۔ بالآخراس کے نتیجے میں ترقی کی راہ میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔ولی عہد نے وضاحت کی کہ عام سیاسی منظرنامے کے نتیجے میں شہریوں کی شکایات کا ازالہ نہیں کیا جاتا رہا ہے،ایگزیکٹواور قانون ساز حکام کے کام پرعدم اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کوتحلیل کرنے اور انتخابات منعقد کرنے سے متعلق فرمان تمام قانونی انتظامات کوحتمی شکل دینے کے بعداگلے چند ماہ میں جاری کیا جائے گا۔شیخ میشل نے اختیارات کی علاحدگی کے اصول کا احترام کرنے اور قانون ساز اور ایگزیکٹو حکام کے کام میں مداخلت نہ کرنے بھی زوردیا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم نے دونوں حکام کے کام میں مداخلت نہیں کی ہے بلکہ صرف ان معاملات پررہنمائی اور مشورے فراہم کیے ہیں جو ریاستی انتظام سے متعلق ہیں۔ہم نے کسی کواصلاحات کرنے یا ایسے اقدامات کرنے سے نہیں روکا جس سے ان کے مفاد کو پورا کیا جا سکے۔شیخ میشل نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ آئین پر مکمل طور پر عمل کیا جائے گا اور اس میں کوئی ترمیم کی جائے گی اور نہ اس کو معطل کیاجائے گا اور انتخابات یا آیندہ قومی اسمبلی کے کام میں کوئی مداخلت نہیں کرے گا۔

Leave a comment