ممبئی 20 مئی (یو این آئی)کورونا وائرس کے سلسلے میں ایک اہم اور توجہ طلب بیان میں ، راشٹر وادی کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار نے آج کہا کہ جلد ہی کورونا بیماری کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں ہوگا اور اب یہ ضروری ہو گیا ہے کہ اسے "زندگی کے حصے کے طور پر قبول کریں” اور معمول پر آئیں۔ اب عوام سے نرمی برتنے کی ضرورت ہے۔
ایک ٹوئٹ میں آج انھوں نے ایک بار پھر اپنے اس موقف کو دہرایا ہے او ر کہا کہ “جلد ہی کورونا بیماری کا مکمل خاتمہ نہیں ہوگا۔ اس کو زندگی کے ایک حصے کے طور پر قبول کرنے ، اس سے ہوشیار رہنے اور عوام میں حفظان صحت کے اصولوں کے بارے میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔” انھوں نے اس ضمن میں جاپان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ” جاپان میں ، لوگ ماسک پہنتے ہیں ، اپنی معمول کی معاشرتی زندگی کے حصے کے طور پر ذاتی حفظان صحت کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔”
واضح رہے کہ کل بھی انھوں نے مہاراشڑا کےوزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے ساتھ ریاست کی موجودہ صورتحال ، انتظامیہ کو درپیش چیلنجوں اور معاشرے کے مختلف طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے درکار حفاظتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے یہی بات کہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ جاری لاک ڈاؤن 4 نے ٹرانسپورٹ خدمات کو شدید متاثر کیا ہے اور ریاست اور سڑک کے ذریعے نقل و حمل کو آہستہ آہستہ بحال کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرنے ہونگے ، تاکہ ریاست میں معمول کی طرف لوٹ جانے والی صورتحال کے بارے میں عوامی اعتماد پیدا کیا جاسکے ۔ نجی شعبے میں دکانیں ، دفاتر اور ادارے مکمل احتیاط کے ساتھ کھولے جائیں۔اور موجود صورتحال میں جاری سختی کو کم کر کے نرمی برتی جائے۔ انھوں نے ایکبار پھر اپنی التجا کا اعادہ کرتے ہوئے عوام سے ماسک پہننے ، دستانے ، سینیٹائزر ، ہاتھ دھونے وغیرہ جیسے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے لئے کہا۔