پاکستان میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں کورونا وائرس سے بچائو کیلئے اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا جس میں معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے رقت آمیز اجتماعی دعا کرائی .
دعا مانگتے ہوئے مولانا آبدیدہ ہو گئے. دعا سے قبل اپنے پیغام میں مولانا طارق جمیل نے کہا کہ کورونا وائرس اللہ کی طرف سے امتحان ہے، یہ دنیا آئیڈیل نہیں امتحان کی جگہ ہے، دنیا امتحان کی جگہ ہے ہر کوئی پرچے دے رہا ہے، سب کو اللہ کی بارگاہ میں توبہ کرنی چاہیے. مولانا طارق جمیل نے کہا کہ اللہ تعالی فرماتے ہیں کہ دنیا میں اچھے، برے دونوں حالات سے آزمائیں گے، اللہ تعالی 70 مائوں سے زیادہ اپنے بندوں سے محبت کرتا ہے.
صدق دل سے توبہ کرو تو وہ ضرور قبول کرتا ہے. انہوں نے کہا کہ وبائی مرض میں موت شہادت ہے لیکن یہ بھی حکم ہے کہ جہاں وباء پھیلی ہو تو وہاں سے باہر نہیں نکلنا چاہیے اسلئے احتیاط ضروری ہے. انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ اپنی اپنی استطاعت کے مطابق موجودہ صورتحال میں غریبوں کی دل کھول کر مدد کریں. مولانا طارق جمیل نے کہا کہ اگر حکومت لاک ڈائون کا فیصلہ کرے تو سب کو اس کو قبول کرنا چاہیے.