کم کو ٹرمپ کی مبارکباد، مذاکرات کی بحالی کیلئے ناکافی: شمالی کوریا

سیئول۔ 11 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کو 8 جنوری کو سالگرہ پر مبارکباد دی تھی، تاہم شمالی کوریا کے ایک عہدیدار نے ہفتہ کو کہا کہ امریکہ اور جنوبی کوریا اگر یہ سمجھتے ہیں کہ کم کے نام ڈونالڈ ٹرمپ کاپیغام مبارکباد، شمالی کوریا کو بات چیت کی میز پر لاسکتا ہے تو یہ محض ان کا خواب ہوگا۔ شمالی کوریا کی وزارت خارجہ میں مشیر کم کئے گوان نے ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ نیوکلیئر مذاکرات روک دیئے جانے پر شمالی کوریا کے افسوس و مایوسی کا اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ یہ ملک اپنی تمام معاشی دشواریوں کے باوجود امریکہ کے زیرقیادت عائد کردہ پابندیوں کی برخاستگی کی خاطر اپنی نیوکلیئر صلاحیتوں کو کبھی بھی ترک نہیں کرے گا۔ شمالی کوریا نے واضح کردیا کہ بات چیت صرف اسی وقت ہوگی جب اس کے تمام مطالبات کی تکمیل کی جائے گی۔

Read More

Leave a comment