کشمیر میں عسکریت پسندوں کی میونسپل دفتر پر فائرنگ

کونسلر اور ایس پی او ہلاک‘علاقہ میں تلاشی مہم میں شدت‘ قائدین کی جانب سے حملہ کی مذمت

سری نگر: شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں پیر کی دوپہر کو مشتبہ عسکریت پسندوں کے حملے میں ایک میونسپل کونسلر اور ایک اسپیشل پولیس افسر(ایس پی او) ہلاک ہوگئیجبکہ ایک کونسلر زخمی ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق سوپور میں پیر کی دو پہر عسکریت پسندوں نے میونسپل دفتر کے احاطے میں فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو میونسپل کونسلر اور ایک ایس پی او شدید زخمی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں کو علاج کے لئے نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک کونسلر اور ایس پی او زخموں سے جانبر نہ ہوسکے جبکہ ایک کونسلر کو مزید علاج کے لئے سری نگر منتقل کیا گیا۔مہلوک کونسلر کی شناخت ریاض احمد پیر ولد غلام نبی پیر ساکن ننگلی سوپور اور مہلوک ایس پی او کی شناخت شفقت نذیر خان ولد نذیر احمد خان ساکن منڈجی سوپور جبکہ زخمی کونسلر کی شناخت شمس الدین پیر ولد غلام محمد پیر کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بلاک میڈیکل افسر سوپور نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کونسلر ریاض احمد اور ایس پی او شفقت خان کی موت واقع ہوگئی ہے اور کونسلر شمس الدین کو مزید علاج کے لئے سری نگر منتقل کیا گیا ہے۔کشمیر زون پولیس نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ٹوئٹ میں کہا کہ عسکریت پسندوںنے سوپور میں میونسپل دفتر پر فائرنگ کی۔ اس واقعے میں ایک پولیس اہلکار شفقت احمد اور ایک کونسلر ریاض احمد جان بحق ہوگئے اور ایک کونسلر شمس الدین پیر زخمی ہوا، زخمی کو علاج ومعالجے کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے، علاقے کو محاصرے میں لیا گیا ہے‘۔دریں اثنا نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے مہلوکین کے پسماندگان کے ساتھ اظہار ہمدردی اور زخمی کونسلر کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی ہے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’سوپور میں میونسپل دفتر پر عسکریت پسندوں کے حملے کی خبریں ا ٓ رہی ہیں۔ میں اس حملے کی مذمت کرتا ہوں اور مہلوکین کے پسماندگان کے ساتھ اظہار ہمدردی اور زخمی کونسلر کی جلد صحتیابی کے لئے دست بدعا ہوں‘۔

Leave a comment