کلکتہ: پریڈنسی یونیورسٹی انتظامیہ کے ذریعہ 1992 میں بابری مسجد کی شہادت پر مبنی ڈکومنٹری فلم ’’رام کے نام پر“ کی نمائش پر پابندی عائد کیے جانے پر یونیورسٹی کی طلبا یونین نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ کا رویہ غیر جمہوری ہے۔
آنند پٹووردھن کی ڈائریکٹ کردہ ڈاکومنٹری فلم کی نمائش کا پروگرام یونیورسٹی کے کیمپس میں واقع آڈیٹوریم میں ہونے والی تھی، لیکن اتوار کو ہی یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبا یونین کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ ”رام کے نام پر“ ڈاکومنٹری فلم کی نمائش نہیں کی جائے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ فلم کی نمائش سے متعلق اجازت کو واپس لے لیا گیا ہے۔
طلباء یونین کے ترجمان سایان چکرورتی نے اس سلسلے میں کہا کہ یونیورسٹی کے سینئر عہدیداروں نے زبانی طور پر پروگرام کو رد کرنے کی اطلاع دی ہے۔تاہم یونیورسٹی انتظامیہ نے کہاکہ اگر طلبا یونین باضابطہ طور پر اجازت لیتی تو ہم ان کے حقوق تلف نہیں کرسکتے تھے۔ہم لبرل خیالات کے فروغ میں یقین رکھتے ہیں۔
یونین ترجمان سایان چکرورتی نے اس کے جواب میں کہا کہ ماضی میں پہلے بھی یونیوراسٹی انتظامیہ کی باضابطہ اجازت لیے بغیر ڈاکومنٹری فلم کی نمائش اورمختلف موضوعات پربحث و مباحثہ ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ وشوہندو پریشد کی رام جنم بھومی تحریک کی وجہ سے ملک بھر میں فرقہ وارانہ فسادات ہوئے۔اس ڈاکومنٹری فلم میں اسی پر بحث کی گئی ہے۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
