چوری کے الزام میں 2 لوگوں کی تپتی دھوپ میں کپڑا اتار کر ہوئی پٹائی، ویڈیو وائرل

نوئیڈا کے سیکٹر 25 کے پاس دو لوگوں کی پٹائی کا ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جو کافی اذیت ناک ہے۔ ویڈیو میں دکھائی پڑتا ہے کہ تپتی دھوپ میں دو لوگوں کو بے لباس کر کے بجلی کے کھمبے سے باندھ دیا جاتا ہے اور پھر اس کی بے رحمی سے پٹائی کی جاتی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان دونوں پر چوری کرنے کا شبہ تھا اس لیے لوگ بری طرح ان کی پٹائی کر رہے تھے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تھانہ سیکٹر 20 کی پولس نے نامعلوم لوگوں کے خلاف معاملہ درج کر لیا ہے اور ان کی تلاشی شروع کر دی ہے۔

وائرل ویڈیو کے تعلق سے نوئیڈا تھانہ سیکٹر 20 کے انسپکٹر انچارج نے بتایا کہ جمعہ کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں سیکٹر 25 کے پاس تپتی دھوپ میں بجلی کے کھمبے سے دو نوجوانوں کو بے لباس کر کے باندھا گیا اور پھر ان کی پٹائی کی گئی۔ سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو کی جانچ کی گئی اور اسے درست پایا گیا۔ تھانہ انچارج نے بتایا کہ دو دن قبل سیکٹر 25 واقع ایک آٹو اسٹینڈ کے پاس یہ واقعہ پیش آیا۔


تھانہ انچارج کے مطابق جانچ کے بعد پتہ چلا کہ آٹو اسٹینڈ سے کچھ آٹو رکشہ سے بیٹری چوری ہو گئی تھی اور جب جمعرات کی دوپہر کو جب آٹو رکشہ مالکوں نے دو لوگوں کو اوزار ہاتھ میں لیے ہوئے دیکھا تو انھیں شک ہوا اور اسی شک کی بنیاد پر دونوں افراد کو پکڑ لیا۔ آٹو رکشہ سے بیٹری چوری ہونے سے ناراض کچھ آٹو ڈرائیوروں نے ان دونوں کے کپڑے اتار کر تیز دھوپ میں انھیں بجلی کے کھمبے سے باندھا اور پھر ان کی پٹائی شروع کر دی۔

پورا واقعہ سامنے آنے کے بعد پولس معاملے کی جانچ میں جٹ گئی ہے اور یرغمال بنا کر پیٹے گئے دونوں نوجوان کی شناخت کی بھی کوشش کی جا رہی ہے۔ پولس ان آٹو ڈرائیوروں کی بھی تلاش کر رہی ہے جنھوں نے اس واقعہ کو انجام دیا۔

Source بشکریہ قومی آواز بیورو—

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading