غازی آباد پولس نے جمعہ کے روز بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر کو حراست میں لے لیا۔ پولس نے چندر شیکھر کو ہنڈن بیراج کے نزدیک اس وقت حراست میں لیا جب وہ مسلم طبقہ کے لوگوں سے بات چیت کرنے کے لئے غازی آباد جا رہے تھے۔
دراصل چندر شیکھر نے گزشتہ دنوں اندرا پورم کے گیان کھنڈ میں واقع مسجد میں پہنچ کر مسلم طبقہ کے لوگوں سے بات کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد خفیہ محکمہ کے افسر اور پولس انتظامہ فعال ہو گئے تھے۔ آج جیسے ہی بھیم آرمی کے بانی چندر شیکھر نے غازی آباد کی سرحد میں داخل ہونے کی کوشش کی ، پولس نے انہیں حراست میں لے کر واپس بھیج دیا۔ اس سے پہلے مسجد کے باہر تجاوزات کو لے کر مسلم طبقہ کے لوگوں میں جھڑپ ہوئی تھی۔ موقع پر بڑی تعداد میں پولس فورس کی تعیناتی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سہارن پور میں تقریباً دو سال پہلے راجپوتوں اور دلتوں کے درمیان تصادم ہونے کے بعد پولس نے بھیم آرمی کو گرفتار کر لیا ہے ۔ جیل میں ان کی طبیعت کافی خراب بھی ہوئی تھی۔ اس کے بعد تقریباً ایک سال کے بعد انہیں رہا کیا گیا۔
جیل سے رہا ہونے کے بعد چندر شیکھر کی قیادت میں بھیم آرمی نے دہلی کے جنتر منتر احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔ غور طلب ہے کہ سال 2016 میں سہارنپور کے چھٹ مل پور میں واقع اے ایچ پی انٹر کالج میں دلت طلبا کی پٹائی کے بعد مظاہرہ کے بعد پہلی مرتبہ یہ تنظیم منظر عام پر آئی تھی۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
