ممبئی/ناندیڑ، : ریلوے انتظامیہ نے ٹرین نمبر 11002 بلہار شاہ–ممبئی نندی گرام ایکسپریس کی فرسٹ اے سی بوگی میں ایک نجی ڈیکوریٹر کے غیر مجاز داخلے کے معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہے۔ واقعے میں غفلت برتنے والے متعلقہ ٹکٹ چیکنگ اسٹاف کو معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ محکمہ جاتی جانچ کے بھی احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ریلوے کے مطابق 6 جولائی 2026 کو جلنا کے ایک نجی ڈیکوریٹر نے جالنہ ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کی فرسٹ اے سی کمپارٹمنٹ میں بغیر اجازت داخل ہو کر ایک نجی تقریب کے لیے کمپارٹمنٹ کو سجا دیا۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ محفوظ اور ریزرو کوچ میں کسی بھی غیر مجاز شخص کا داخل ہونا ریلوے کی سلامتی اور مسافروں کی سیکیورٹی کے لیے سنگین خلاف ورزی ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ ٹکٹ چیکنگ اسٹاف (TTE) کو معطل کر دیا، کیونکہ ان کی غفلت کے باعث غیر مجاز شخص کوچ میں داخل ہونے میں کامیاب ہوا۔ اس کے ساتھ ہی پورے معاملے کی تفصیلی محکمہ جاتی جانچ کا حکم بھی دیا گیا ہے تاکہ ذمہ دار افراد کا تعین کیا جا سکے اور آئندہ ایسی کوتاہیوں کو روکا جا سکے۔
ریلوے نے یہ بھی بتایا کہ جلنا کے نجی ڈیکوریٹر کے خلاف ریلوے ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس پر ٹرین میں غیر مجاز داخلہ، بغیر ٹکٹ سفر کرنے اور ریلوے احاطے میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ریلوے انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی نجی شخص یا تجارتی ادارے کو ریلوے کی پیشگی اجازت کے بغیر ٹرین یا ریزرو کوچ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔
مسافروں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کوچ کی سجاوٹ یا کسی دوسری نجی خدمت کے لیے غیر مجاز افراد کی خدمات حاصل نہ کریں، کیونکہ ایسا کرنا ریلوے قوانین کی خلاف ورزی ہے اور اس پر قانونی کارروائی ہو سکتی ہے۔ریلوے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسافروں کی حفاظت، سلامتی اور آرام کو یقینی بنانا اس کی اولین ترجیح ہے اور مستقبل میں بھی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی جاری رہے گی۔