پونے: سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں پونے میں پاپلر فرنٹ آف انڈیا(پی ایف آئی) احتجاج کے دوران پاکستان زندہ باد کے نعرے لگتے دکھائی دیتے ہیں۔ حکومتِ مہاراشٹرا نے اس پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نعرے لگانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے نے کہا کہ ریاست میں ایسے نعرے برداشت نہیں کئے جائیں گے جبکہ ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر پھڈنویس نے جو وزیر داخلہ بھی ہیں کہا کہ نعرے بازی کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ ویڈیو میں یہ نعرہ اس وقت دو مرتبہ سنائی دیتا ہے جب پی ایف آئی کارکنوں کو جمعہ کے دن پولیس کی گاڑیوں میں لے جایا جارہا ہوتا ہے۔
پی ایف آئی نے اس کے خلاف ملک گیر دھاوؤں اور اس کے کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت میں ضلع کلکٹریٹ کے سامنے احتجاج کیا تھا۔ پولیس نے لگ بھگ 40 احتجاجیوں کو حراست میں لیا تھا۔ پونے پولیس کا کہنا ہے کہ وہ معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے۔ڈپٹی کمشنر پولیس (ڈی سی پی) ساگر پاٹل نے کہا کہ ہم نے پی ایف آئی ارکان کے خلاف غیرقانونی اجتماع کے سلسلہ میں کیس درج کرلیا ہے اور نعرے بازی کے معاملہ کی تحقیقات کررہے ہیں۔ بغیراجازت احتجاج کرنے پر 60 سے زائد مظاہرین کے خلاف بند گارڈن پولیس اسٹیشن میں کیس درج ہوا۔ چیف منسٹر شنڈے نے ایک ٹویٹ میں ”غیرسماجی عناصر“ کی طرف سے موافق پاکستان نعروں کی مذمت کی۔