ناندیڑ:24ستمبر۔ (ورق تازہ نیوز)ملک کے نامور معروف شعرائے کرام نے آج ہفتہ کو سہ پہر چار بجے اردوگھر کادورہ کیا۔اردوگھر کے آڈیٹوریم ‘لائبریری ‘مہمانوںاورفنکاروں کے روم ‘کلاس روم کو دیکھااوراپنی مسرت کااظہار کیا ۔بعدازیں اردوگھر کی ثقافتی کمیٹی کی جانب سے شہر کے کارپوریٹرس اور شعرائے کرام ابرارکاشف(امراوتی ) ‘حامد بھُساولی (بھساول )‘محشرآفریدی (اتراکھنڈ) ‘شاعرہ راناتبسم (ممبئی ) ‘معین شاداب(اترپردیش )کاشال پوشی اورگلپوشی کرکے پرتپاک استقبال کیاگیا۔
ابتداءمیں ثقافتی کمیٹی کے ممبر منتجب الدین نے تمام مہمان شعراے کرام اورکمیٹی ممبران کاموثر انداز میںتعارف پیش کیا ۔ سینئر صحافی اورکمیٹی کے رکن محمدتقی نے اردوگھر کے قیام اور افتتاح کے بارے میںمختصراً معلومات دیتے ہوئے کہا کہ یہ اردو گھر مہاراشٹر کا پہلااردو گھر ہے جس کو حکومت مہاراشٹر نے ایک جی آر کے ذریعہ قائم کیا ہے ۔ یہاں کئی ادبی اور ثقافتی پروگرام ہوچکے ہیں ۔ تعلیمی ورکشاپ بھی ہوتے ہیں۔ ٹیچرس اہلیتی امتحان ٹی ای ٹی (برائے اردو اساتذہ ) کا ایک کامیاب ورکشاپ بھی منعقد کیاگیا۔ تعلیمی کورسیس کی کوچنگ کےلئے کمیٹی کوشاں ہے ۔ اگر کوئی این جی او خواہش ظاہر کرتی ہے تو ایم پی ایس سی ‘یو پی ایس سی مسابقتی امتحانات کی تیاری کی کوچنگ کلاسیس کا آغاز کیاجاسکتا ہے ۔کمیٹی صدر ضلع کلکٹر ہے۔
کمیٹی کومشورے دینے کااختیار ہے لیکن انھیں قبول کرنے کااختیار ضلع کلکٹر او رریاستی حکومت کو ہے۔محمدتقی نے اپنی تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اردو گھر 2016ءمیں ہی تعمیر ہوچکاتھا لیکن حالات ناسازگار ہونے کی وجہ سے اس کاافتتاح2021ءمیں ہوا ۔ یہ اردوگھر سابق وزیراعلیٰ مہاراشٹر اشوک راو چوہان کی خصوصی دلچسپی اور کوششوں سے قائم ہوا ہے ۔ وہ خود اردو زبان سے واقف ہیں ا ن کے والد محترم سابق وزیرداخلہ حکومت ہند شنکرراو چوہان کی تعلیم اردو زبان میں ہوئی تھی وہ خود اردو لکھنا پڑھنا جانتے ہیں۔ چوہان فیملی کے گھر میںبھی اردو بولی جاتی ہے ۔ چنانچہ اشوک راو ناندیڑ میں ایک عالی شان اردوگھر قائم کرناچاہتے تھے۔مہمان شعرائے کی نمائندگی کرتے ہوئے حامد بھُساولی نے اردو گھر کے بارے میںتاثرات پیش کئے اور ثقافتی کمیٹی کے تمام ممبران کاشکریہ ادا کیا۔ استقبالیہ پروگرام کی نظامت محمدمظفرالدین نے کی ۔
پروگرام میںڈپٹی میئر عبدالغفار ‘میزبان شاعر محمودعلی سحر‘ظہیرالدین بابر ‘ کارپوریٹرعرشیہ کوثر‘کارپوریٹرچاندپاشاہ قریشی‘ عبدالشمیم عبداللہ ‘ سابق کارپوریٹر عبدالحبیب ‘ محمدذکی قریشی(ممبرکمیٹی) نے شرکت کی ۔ واضح ہو کہ یہ مہمان شعرائے کرام ناندیڑواگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن کے زیراہتمام آج 24ستمبر کو منعقد ہونے والے آل انڈیا مشاعرے میں اپنا کلام پیش کرنے ناندیڑ تشریف لائے تھے۔
