پونچھ میں طویل جھڑپ: لوگوں سے گھروں تک ہی محدود رہنے کی مساجد کے لائوڈ اسپیکروں سے اپیل

جموں، 19 اکتوبر (یو این آئی) جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے مینڈھر میں منگل کے روز پولیس نے مساجد کے لائوڈ اسپیکروں سے اعلان کرایا کہ مقامی لوگ احتیاط کے طور پر اپنے گھروں تک ہی محدود رہیں۔یہ اعلان مینڈھر کے جنگلات میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نزدیک 11 اکتوبر سے جاری مسلح جھڑپ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ لوگوں کو گھروں تک ہی محدود رہنے کی اپیل احتیاط کے طور پر کی گئی ہے کیوں کہ علاقے میں جاری جنگجو مخالف آپریشن کے باوجود دیہات کے کچھ لوگ آزادانہ طور پر ایک جگہ سے دوسری جگہ جا رہے تھے۔انہوں نے کہا: ‘اعلان کا مقصد کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنا ہے۔ لوگوں کی فکر کرنا اور انہیں تحفظ فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے’۔

مساجد کے لائوڈ اسپیکروں سے کچھ اس طرح کا اعلان کیا جا رہا تھا: ‘تمام حضرات سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ اپنے بال بچوں اور مویشیوں کو لے کر اپنے اپنے گھروں میں بند ہو جائیں۔ اگر کوئی گھاس کاٹ رہا ہے تو ان سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اپنا کام کاج چھوڑ کر اپنے گھروں میں بند ہو جائیں’۔دریں اثنا مینڈھر کے جنگلوں میں چھپے جنگجوئوں کے ایک گروپ اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ منگل کو مسلسل نویں روز بھی جاری رہا۔پونچھ میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان 11 اکتوبر سے جاری جھڑپوں میں اب تک دو جے سی اووز سمیت نو فوجی جوان جان بحق ہوئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ پانچ سے آٹھ بھاری جنگجوئوں کا ایک گروپ سیکورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مصروف ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فوج، پولیس اور پیرا ملٹری فورسز نے پیرا کمانڈوز کے ساتھ مینڈھر کے نار خاص جنگل میں چھپے ان جنگجوئوں کی تلاش کے لئے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن پہلے ہی شروع کر دیا ہے اور انہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ جنگجو گھنے جنگل میں چھپے ہوئے ہیں اور وہ وقفے وقفے سے فائرنگ کر رہے ہیں جس کا بھر پور جواب دیا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج نے کم از کم آٹھ افراد کو ان جنگجوئوں کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیادں پر تلاشی آپریشن کے دوران کم از کم آٹھ افراد کو ان بھاری ہتھیاروں سے لیس جنگجوئوں کو غذا و دیگر سپورٹ فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔دریں اثنا ضلع ہیڈکوارٹر پونچھ کو راجوری اور جموں کے ساتھ جوڑنے والی قومی شاہراہ کو بمبر گلی اور جڑاں والی گلی کے مقامات پر بدستور بند رکھا گیا ہے۔