ممبئی (آفتاب شیخ).باندرہ کرلا کامپلیکس میں منعقدہ ورکشاپ کے دوران پردھان منتری آواس یوجنا (شہری) 2.0 کے تحت شہریوں کو سستے مکانات فراہم کرنے کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ورکشاپ کی صدارت اسکیم کے ڈپٹی سکریٹری اور کمپین ڈائریکٹر اجیت کاواڑے نے کی، جنہوں نے تکنیکی ماہرین اور محکموں کے افسران سے سماجی خدمت کے جذبے کے ساتھ اسکیم میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔
اجیت کاواڑے نے پہلے مرحلے کے لیے جیو ٹیگنگ جلد مکمل کرنے اور دوسرے مرحلے کے لیے فائدہ اٹھانے والوں کی فوری رجسٹریشن کی ہدایت دی۔ انہوں نے اسکیم کی تشہیر کے لیے خصوصی مہم شروع کرنے پر بھی زور دیا۔
ورکشاپ میں ڈپٹی چیف ایگزیکٹیو آفیسر انیل وانکھیڑے، مہاڈا کے چیف انجینئر آدے، فائنانس کنٹرولر اجے سنگھ پوار، اور ہاؤسنگ ڈپارٹمنٹ کے انڈر سکریٹری رویندر کھیتلے سمیت دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔
پردھان منتری آواس یوجنا (شہری) 2.0 کا مقصد معاشی طور پر کمزور طبقے (EWS) کو 30 سے 45 مربع میٹر کے مکانات فراہم کرنا ہے، جن میں بیت الخلاء اور دیگر بنیادی شہری سہولیات شامل ہوں گی۔ اسکیم کے چار اہم اجزاء ہیں:
- انفرادی رہائش کی تعمیر (BLC)
- سستی ہاؤسنگ پارٹنرشپ (AHP)
- سستی رینٹل ہاؤسنگ (ARH)
- سود کی سبسڈی اسکیم (ISS)
گھروں کے ساتھ پانی، سیوریج، سڑکیں، بجلی، بارش کے پانی کی ذخیرہ اندوزی، شمسی توانائی، اور معذور افراد کے لیے ضروری سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
ریاست کے 399 شہروں میں اس اسکیم کے تحت پہلے مرحلے میں 14.70 لاکھ مکانات کی منظوری دی گئی، جن میں سے 3.79 لاکھ مکانات تعمیر کیے جاچکے ہیں۔ اب تک 43,989 خاندان اس اسکیم کے تحت رجسٹر ہو چکے ہیں۔
یہ اسکیم مہاڈا اور ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن کے تعاون سے نافذ کی جا رہی ہے اور ہزاروں ضرورت مند شہری خاندانوں کے لیے بہتر مستقبل کی امید بن کر ابھر رہی ہے۔
