پاکستان کی کووِڈ کے اثرات سے نمٹنے فریم ورک تشکیل دینے کی تجویز

اسلام آباد ۔ پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ کووِڈ 19 بحران کے اثرات سے بحالی کے لیے عالمی وبا کا ایک فریم ورک تیار کیا جائے۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اقوامِ متحدہ کی ڈیولپمنٹ کوآپریشن فورم (ڈی سی ایف) کے اجلاس میں پاکستان نے تجویز دی کہ عالمی وبا کے خلاف لڑائی میں ہر خطے کو شامل کیا جائے اور کہا کہ ‘ہر خطے، ریاست اور برادری کے پاس بتانے کے لیے معلومات اور تجربہ ہے۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے عالمی وبا کے سماجی و معاشی اثرات اور ان سے نمٹنے کے لیے نئے طریقہ کار کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ بین الاقوامی نظام کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ ترقی کے لیے بعد از کووِڈ فریم ورک تشکیل دینے کو ترجیح دے، ایک ایسا فریم ورک جو اسٹیک ہولڈرز کو نزدیک لا سکتا ہے تاکہ خطرات کو بہتر طور پر کم کرنے اور جھٹکوں سے بازیافت کرنے کے لیے درکار ردعمل تشکیل دیا جاسکے۔ دوسری جانب اقوامِ متحدہ میں پاکستانی مندوب منیر اکرم نے کورونا وبا سے نمٹنے والے ترقی پذیر ممالک کی مدد کرنے، خطرات کم کرنے اور لچک میں اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

Leave a comment