28 سے 30 ستمبر تک بینک ہڑتال، کوآپریٹو بینک معمول کے مطابق کھلے رہیں گے

نئی دہلی (ایجنسی) ملک بھر میں 28 سے 30 ستمبر کے درمیان سرکاری شعبے کے بینکوں کی مجوزہ تین روزہ ملک گیر ہڑتال کے پیش نظر عام عوام اور دیہی علاقوں کے کھاتہ داروں کے لیے اہم راحت کی خبر سامنے آئی ہے۔ ملک بھر کی کوآپریٹو بینکیں اس ہڑتال میں شامل نہیں ہوں گی اور ان کا کام کاج معمول کے مطابق جاری رہے گا۔

اسٹیٹ کوآپریٹو بینک، ڈسٹرکٹ سینٹرل کوآپریٹو بینک اور پرائمری ایگریکلچرل کریڈٹ سوسائٹیز سمیت کوآپریٹو بینکوں کے ملازمین ہڑتال پر نہیں جائیں گے۔ کوآپریٹو بینک ملازمین کی تنظیموں نے واضح کیا ہے کہ نقد رقم جمع کرنے اور نکالنے، دیہی علاقوں سے متعلق بینکاری لین دین اور چیک کلیئرنس سمیت تمام ضروری خدمات معمول کے مطابق جاری رہیں گی اور صارفین کو کسی بڑی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

نیشنل فیڈریشن آف اربن کوآپریٹو بینکس اینڈ کریڈٹ سوسائٹیز، نیشنل اربن کوآپریٹو فائنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور نیشنل فیڈریشن آف اسٹیٹ کوآپریٹو بینکس نے مشترکہ طور پر واضح کیا ہے کہ کوآپریٹو بینکاری اداروں نے 28 سے 30 ستمبر تک ہونے والی مجوزہ ہڑتال میں شامل ہونے کی کوئی تجویز پیش نہیں کی ہے۔ اس لیے ان اداروں کا روزمرہ کام معمول کے مطابق جاری رہے گا۔

یہ وضاحت یونائیٹڈ فورم آف بینک یونینز کی جانب سے 28 سے 30 ستمبر کے درمیان دی گئی مجوزہ ملک گیر بینک ہڑتال کے پس منظر میں سامنے آئی ہے۔ کوآپریٹو بینکوں کے صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بینکاری خدمات حاصل کرنے کے لیے اپنی متعلقہ بینک شاخوں سے معمول کے مطابق رابطہ کرتے رہیں، تاہم خدمات کا انحصار متعلقہ بینک کے مقامی انتظامات پر ہوگا۔

دستیاب تفصیلات کے مطابق ہندوستان کے کوآپریٹو بینکاری نیٹ ورک میں تقریباً 1,450 شہری کوآپریٹو بینک، 34 ریاستی کوآپریٹو بینک اور 351 ڈسٹرکٹ سینٹرل کوآپریٹو بینک شامل ہیں۔ یہ ادارے دیہی، نیم شہری اور شہری علاقوں میں اپنی خدمات فراہم کرتے ہیں۔

کوآپریٹو بینکوں کے ذریعے کسانوں، دیہی خاندانوں، چھوٹے کاروباریوں، تاجروں اور صنعت کاروں کو بینکاری سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ اس لیے 28 سے 30 ستمبر کے دوران ان بینکوں کے معمول کے مطابق کھلے رہنے سے خاص طور پر دیہی اور نیم شہری علاقوں کے صارفین کو بینکاری خدمات حاصل کرنے میں سہولت برقرار رہنے کی توقع ہے۔