معروف خاتون صحافی اور روزنامہ اردو ٹائمز کے مالک و مدیر سعید احمد کی اہلیہ قمرالنساء سعید کا انتقال

ممبئی،(ایجنسی)اردو صحافتی حلقے کی معروف خاتون صحافی اور روزنامہ اردو ٹائمز کے مالک و مدیر جناب سعید احمد کی اہلیہ اور اخبار کے مینجنگ ایڈیٹر جناب سہیل احمد کی والدہ محترمہ قمرالنساء سعید احمد طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں۔ اِنّا لِلّٰهِ وَاِنّا اِلَيْهِ رَاجِعُونَ۔ ان کے انتقال کی خبر سے اردو صحافتی حلقے، اہل خانہ، احباب اور روزنامہ اردو ٹائمز سے وابستہ صحافتی رفقا میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔

مرحومہ قمرالنساء سعید ایک نیک سیرت، مخلص، خوش مزاج، ہمدرد اور صوم و صلوٰۃ کی پابند خاتون تھیں۔ اردو صحافت سے ان کی گہری وابستگی تھی اور روزنامہ اردو ٹائمز کے معاملات میں بھی وہ نہایت دلچسپی رکھتی تھیں۔ گزشتہ برسوں کے دوران انہوں نے اخبار کی بہتری، معیار اور اشاعتی سرگرمیوں میں اپنی صلاحیت کے مطابق اہم کردار ادا کیا۔ ان کی تحریریں، بالخصوص اداریے، قارئین میں پسند کیے جاتے تھے۔

مرحومہ کی شخصیت سادگی، خلوص، اپنائیت اور شفقت کا حسین امتزاج تھی۔ روزنامہ اردو ٹائمز کے وسیع صحافتی خاندان سے ان کا تعلق محض ایک ادارے تک محدود نہیں تھا بلکہ وہ اپنے رفقا اور متعلقین کے ساتھ ہمیشہ محبت، ہمدردی اور خلوص سے پیش آتی تھیں۔ ان کے انتقال سے اردو صحافت نے ایک مخلص اور فعال خاتون صحافی سے محروم ہوگئی ہے۔
مرحومہ کے انتقال پر ان کے اہل خانہ خصوصاً شوہر جناب سعید احمد، صاحبزادے جناب سہیل احمد اور دیگر اہل خانہ سے صحافتی، ادبی اور سماجی حلقوں سے وابستہ شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ تعزیتی پیغامات میں مرحومہ کی صحافتی خدمات، خوش اخلاقی، خلوص اور اردو صحافت سے وابستگی کو یاد کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔
اردو صحافتی حلقے کے مختلف افراد نے کہا کہ قمرالنساء سعید کا انتقال ایک ایسا ناقابلِ تلافی نقصان ہے جس کا خلا آسانی سے پُر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
مرحومہ کا جنازہ مغرب کی نماز کے بعد ان کی رہائش گاہ حور ویلا، ممبئی سینٹرل، مراٹھا مندر مارگ سے روانہ ہوا، جبکہ نمازِ جنازہ اور تدفین رات 8 بجے اندھیری مسلم قبرستان، چار بنگلہ، نزد ڈی این نگر میٹرو اسٹیشن، اندھیری ویسٹ میں عمل میں آئی۔
اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان، خصوصاً جناب سعید احمد، جناب سہیل احمد اور دیگر اہل خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔آمین یا رب العالمین۔اس موقع پر قبرستان میں صحافتی،سیاسی،ادبی اور سماجی حلقوں سے وابستہ افراد اور شہر کی معزز شخصیات موجود رہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading