ناندیڑ (ورق تازہ نیوز) ناندیڑ ضلع کے دسویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ کی مارک شیٹ اور سند میں نام، والدہ کے نام، تاریخ پیدائش اور جائے پیدائش میں موجود غلطیوں کی تصحیح کے لیے 30 ستمبر 2026 کو خصوصی کیمپ منعقد کیا جائے گا۔
لَاتور ڈویژنل بورڈ کی جانب سے جاری اطلاع کے مطابق یہ کیمپ 30 ستمبر 2026 کو صبح 11 بجے راج رشی شاہو ثانوی و اعلیٰ ثانوی اسکول، وسنت نگر،بھاگیہ نگر روڈ ناندیڑ میں منعقد ہوگا۔
کیمپ میں طلبہ کے نام، والدہ کے نام، تاریخ پیدائش اور جائے پیدائش میں تصحیح کے لیے اسکولوں کی جانب سے پیش کیے جانے والے مکمل درخواست و دستاویزات کی جانچ کی جائے گی۔ درخواست میں کسی قسم کی خامی پائی جانے کی صورت میں موقع پر ہی متعلقہ اسکول کے نمائندے کو آگاہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ داخلہ و اخراج رجسٹر کی بھی جانچ کی جائے گی اور درست و مکمل تجاویز کو قبول کرنے کے بعد رجسٹر فوری طور پر واپس کیا جائے گا۔
بورڈ نے ضلع کے متعلقہ اسکولوں کے سربراہان اور پرنسپل سے کہا ہے کہ وہ 30 ستمبر کو صبح 11 بجے مقررہ مقام پر خود یا اسکول کے کسی ذمہ دار اور معاملے سے واقف نمائندے کے ہمراہ مکمل دستاویزات، اصل ریکارڈ اور ضروری داخلہ و اخراج رجسٹر کے ساتھ حاضر ہوں۔
کیمپ میں لَاتور ڈویژنل بورڈ کے افسران و ملازمین کے علاوہ ڈپٹی ڈائریکٹر تعلیم، ضلعی تعلیمی افسر ثانوی اور ان کے متعلقہ دفاتر کے ملازمین بھی موجود رہیں گے، تاکہ تصحیح کی درخواستوں کو موقع پر ہی نمٹایا جاسکے۔
بورڈ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اس کیمپ میں والدین اور طلبہ کو حاضر ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ صرف اسکول کے پرنسپل یا مجاز نمائندے ہی مکمل تجویز اور ضروری ریکارڈ کے ساتھ صبح 11 بجے کیمپ میں حاضر ہوں۔
راج رشی شاہو ثانوی و اعلیٰ ثانوی اسکول، وسنت نگر، ناندیڑ کے انتظامیہ کو کیمپ کے لیے مناسب ہال یا اجتماع گاہ، بجلی، پانی اور دیگر ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اگر دسویں یا بارہویں جماعت کی مارک شیٹ یا سند میں طالب علم کا نام، والدہ کا نام، تاریخ پیدائش یا جائے پیدائش غلط درج ہے تو اس کی تصحیح کے لیے متعلقہ اسکول کے ذریعے مکمل دستاویزات کے ساتھ یہ خصوصی کیمپ 30 ستمبر 2026 کو ناندیڑ میں منعقد کیا جارہا ہے۔
