گنیش وسرجن کے بعد منڈپ میں سوئے 8 افراد پر بجلی کا تار گرا، 4 کی موقع پر موت

بھوپال (ایجنسی) گنیش وسرجن کے بعد منڈپ میں سوئے افراد کے ساتھ ایک انتہائی افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ مدھیہ پردیش کے منڈلا ضلع کے نین پور تھانہ حدود کے ہیر پور گاؤں میں گنیش وسرجن کے بعد منڈپ میں سوئے افراد پر اچانک ہائی ٹینشن بجلی کا تار ٹوٹ کر گر گیا۔ بجلی کا کرنٹ لگنے سے 4 نوجوانوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق جمعہ کی رات گنیش کی مورتی کا وسرجن کرنے کے بعد منڈل کے ارکان ہیر پور گاؤں میں واقع گنیش منڈپ میں واپس آئے تھے۔ وسرجن کی تھکن کے باعث تقریباً 7 سے 8 نوجوان منڈپ میں ہی سو گئے تھے۔

ہفتہ کی صبح تقریباً 5 بجے سے 5:30 بجے کے درمیان اچانک ہائی ٹینشن بجلی کا تار ٹوٹ کر منڈپ پر جاگرا۔ تار کے منڈپ سے رابطے میں آتے ہی وہاں بجلی کا کرنٹ پھیل گیا اور سوئے ہوئے نوجوان اس کی زد میں آگئے۔

اس حادثے میں جینو بھاونرے (19)، روی جھاریا (24)، کرشن کمار بھاونرے (18) اور ویریندر بھاونرے (24) کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ حادثے میں 3 افراد زخمی ہوئے، جنہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق بجلی کا تار کھمبے کے قریب سے ٹوٹ کر براہ راست گنیش منڈپ پر گرا تھا۔ تار کے رابطے میں آنے سے منڈپ میں موجود افراد کو شدید بجلی کا جھٹکا لگا۔ بارش کے باعث زمین اور آس پاس نمی ہونے سے صورتحال مزید خطرناک ہوگئی تھی۔

حادثے کے بعد گاؤں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ پولیس اور انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ بجلی کا تار کن حالات میں ٹوٹا اور منڈپ کے اوپر سے گزرنے والی بجلی لائن کی حفاظتی انتظامات کس نوعیت کے تھے، اس سلسلے میں بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

حادثے پر مدھیہ پردیش حکومت کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ دستیاب اطلاعات کے مطابق جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو 4-4 لاکھ روپے کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading