ویکسین اور ادویات کی مانگ پورا کرنے بھر پور صلاحیتوں کے استعمال پر زور

وزیراعظم نریندر مودی کا اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ کورونا وائرس کی صورتحال پر جائزہ اجلاس

نئی دہلی : ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال اور ویکسین کے موقف پر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک اہم ورچول اجلاس منعقد کیا ۔ اجلاس میں وزیراعظم کورونا کے خلاف لڑائی میں محکمہ صحت کی تیاریوں کی جائزہ لیا جس میں خاص طور پر ادویات ، آکسیجن ، وینٹی لیٹرس اور ویکسین کی دستیابی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ کورونا کے خلاف لڑائی کیلئے ٹسٹنگ ، ٹرائکنگ اور ٹریٹمنٹ یعنی جانچ ، تلاش اور علاج کا کوئی متبادل نہیں ۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ گذشتہ سال متحدہ طور پر کورونا کو شکست دی گئی تھی اور ملک پھر کورونا کو شکست دے سکتا ہے تاہم اس کیلئے انہی اصولوں پر باہمی تعاون کے ساتھ عمل کرنا چاہئے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ مقامی انتظامیہ کو عوامی ضروریات کی تکمیل کیلئے حرکیاتی ہونے کی ضرورت ہے ۔ اس وباء سے نمٹنے کے لیے ریاستوں کا قریبی تعاون نہایت ضروری ہے ۔ کورونا مریضوں کے لیے بستروں کی دستیابی کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے پر زور دیا ۔ عارضی دواخانوں اور آئیسولیشن مراکز میں بھی زائد بستروں کی فراہمی کی انہوں نے ہدایت دی ۔ ملک کی فارماسیوٹیکل صنعت کی بھر پور صلاحیتوں کے استعمال کے ذریعہ ویکسین اور مختلف ادویات کی ضرورتوں کو پورا کرنے پر بھی وزیراعظم نے زور دیا ۔ انہوں نے ادویات اور ویکسین کی تیاری میں اضافہ کے علاوہ ریاستوں کو بروقت سپلائی چین کے انتظامیہ کو بھی موثر بنانے کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طبی رہنمایانہ خطوط کے مطابق ہی ریمیڈیسیور اور دیگر ادویات کے استعمال کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے ادویات اور ویکسین کی بلیک مارکیٹنگ اور اس کے غلط استعمال کو سختی کے ساتھ روکنے پر زور دیا ۔ میڈیکل آکسیجن سپلائی کے مسئلہ پر وزیراعظم نے منظورہ میڈیکل آکسیجن پلانٹ کے قیام کی بھی ہدایت دی ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ضرورت مندو 12 ریاستوں کو مسلسل آکسیجن سربراہ کی جارہی ہے ۔

Leave a comment