واٹس ایپ ویڈیو کال پر لبھا کر بلیک میل کرنے والی خاتون کے خلاف مقدمہ درج

ممبئی31 اگست (یو این آئی)لاک ڈاؤن میں گھر سے کام کرنے کے دوران کسی انجان خاتون کے عشق میں گرفتار ہو نا اور پھر اس کے کہنے پر واٹس ایپ ویڈیو کال کے دوران عریاں ہونا، ایک نجی کمپنی کے 25 سالہ ملازم کو اس وقت مھنگا پڑا جب خاتون نے، اسکے برہنہ ویڈیو کال ریکاڈ کرکے، اسے بلیک میل کیا اور اس سے 37 ہزار وصول کر لیے ۔

متاثرہ شخص ممبئی کے بھایندر علاقے میں رہتا ہے۔ اپنی شکایت میں، اس نے بتایا کہ اسےجولائی میں نامعلوم خاتون کا فون آیا تھا۔ اس نے اس کے ساتھ بات چیت کا آغاز کیا اور جلد ہی وہ ایک اچھے دوست بن گئے اور بعد ازاں ہر روز فون اور واٹس ایپ پر چیٹ کرنے لگے۔ شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ اس نے اسے واٹس ایپ ویڈیو کال پر عریاں ہونے کو کہا اور اس نے آنکھیں بند کر کے اس پر بھروسہ کرتے ہوئے، ویڈیو کال کے دوران خود کو برہنہ کردیا۔شکایت کنندہ کے مطابق ، اس خاتون نے اس ویڈیو کال کو ریکارڈ کرلیا اور بعدازاں اسے بلیک میل کر کے ، اس نے اس سے 50000 روپئے کا مطالبہ کیا اور دھمکی دی کہ اگر اس نے رقم ادا نہیں کی تو وہ اس مواد کو پھیلائے گی۔ شکایت کنندہ نے مزید کہا کہ اسے ایک ایسے شخص کی طرف سے دھمکیاں بھی موصول ہوئی ہیں جس نے خود کو سی بی آئی ایجنٹ ہونے کا دعوی کیا تھا۔

کچھ سودے بازی کے بعد ، دونوں ملزمین نے 37000 ہزار روپے لینے پر اتفاق کرلیا۔ شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ اس نے یہ رقم ، اس خاتون نے دئے ہوئے اکاونٹ نمبر میں منتقل کردی تھی ۔تاہم یہ رقم وصول کرنے کے بعد بھی ، مذکورہ ملزمیں اورزیادہ رقم کا مطالبہ کر رہے تھے ، جس کے بعد متاثرہ شخص نے پولیس سے رابطہ کیا اور شکایت درج کروائی۔ پولیس نے دو نامعلوم افراد کے خلاف دھوکہ دہی ، ہفتہ وصولی اور مجرمانہ دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر کے تحقیات کا آغاز کیا ہے۔