نریندر مودی ‘ چین سے ڈر گئے : عمر عبداللہ

سری نگر، 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چین کی طرف سے جیش محمد سربراہ مسعود اظہر کو ‘عالمی دہشت گرد’ قراردینے کی تجویز کو ایک بار پھر روک دینے پر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔

 

سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وزیر اعظم مودی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مودی نے چین کے سامنے سر تسلیم خم کیا ہے ۔انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے مسعود اظہر کے معاملے پر چین کے سامنے سرینڈر کیا اور ریاست میں اسمبلی انتخابات منعقد نہ کراکے پاکستان اور اس کے حواریوں کے سامنے سرینڈر کیا۔انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ ایسے حالات میں بی جے پی اندرونی سیکورٹی اور دہشت گردی کے خلاف سخت ہونے کا دعویٰ کیسے کرسکتی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ چین نے ‘جیش محمد’ نامی تنظیم کے سربراہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کی تجویز کو ‘ٹینکل ہولڈ’ کی بنیاد پر ایک بار پھر روک دیا ہے ۔یہ تجویز لیتہ پورہ پلوامہ میں 14 فروری کو ہوئے ایک خود کش حملے کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی 1267 تجدیدات کمیٹی کے تحت دی گئی تھی۔چہارشنبہ کے روز اس معاملے پر فیصلہ لینے کی آخری تاریخ تھی لیکن چین کی طرف سے ویٹو کرنے کے باعث یہ معاملہ اب کم سے کم تین ماہ کے لئے التوا میں رہے گا۔ دریں اثںا مرکزی وزارت خارجہ نے چین کی طرف سے مسعود اظہر کوعالمی دہشت گرد قرار دینے کی تجویز پر ایک بار پھر روک لگانے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے ۔

Leave a comment