ممبئی/ناندیڑ (24 اپریل): قومی انسانی حقوق کمیشن بھارت نے ناندیڑ کے اسلام پورہ علاقے میں پیش آئے دلخراش واقعے پر از خود نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 16 اپریل 2026 کو اسلام پورہ میں نالے کی تعمیر کے قریب تقریباً 15 فٹ گہرے پانی سے بھرے گڑھے میں ڈوب کر چار بچوں کی موت ہوگئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ یہ نالہ مقامی بلدیہ کی جانب سے تعمیر کیا جا رہا تھا اور قریب ہی گڑھے میں پانی جمع ہوگیا تھا۔
کمیشن نے اس واقعے کو ممکنہ طور پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ناندیڑ واگھالا میونسپل کارپوریشن کے کمشنر، ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کو نوٹس جاری کیا ہے۔ نوٹس میں ہدایت دی گئی ہے کہ دو ہفتوں کے اندر مکمل رپورٹ پیش کی جائے۔رپورٹ میں مرنے والے بچوں کے اہل خانہ کی صحت کی صورتحال اور اگر کوئی معاوضہ دیا گیا ہو تو اس کی تفصیلات شامل کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق واقعے کے وقت بچے نالے کے قریب کھیل رہے تھے اور پانی کی گہرائی کا اندازہ نہ ہونے کے باعث گڑھے میں اتر گئے۔ بچوں کی چیخ و پکار سن کر مقامی افراد اور پولیس موقع پر پہنچے اور بچانے کی کوشش کی، مگر انہیں بچایا نہ جا سکا۔یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد علاقے میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے اور حفاظتی انتظامات پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔