نجیب ملا تھانے شہر ضلع راشٹروادی کانگریس پارٹی کے صدر نامزد
کلیان، ڈومبیولی اور بھیونڈی کے کارڈینیٹر کی اضافی ذمہ داری بھی سونپی گئی
تھانے (آفتاب شیخ)
راشٹروادی کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سینئر رہنما اور تھانے کے سابق اپوزیشن لیڈر نجیب ملا کو راشٹروادی کانگریس پارٹی کا تھانے شہر (ضلع) صدر نامزد کیا گیا ہے۔ یہ تقرری این سی پی سربراہ و نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی ایما پر مہاراشٹر پردیش صدر سنیل تٹکرے نے کی ہے، اور ساتھ ہی انہیں کلیان، ڈومبیولی اور بھیونڈی کا کارڈینیٹر بھی مقرر کیا گیا ہے۔
نجیب ملا ایک تجربہ کار اور مقبول عوامی رہنما ہیں جنہیں بہترین تنظیمی صلاحیتوں کے باعث تھانے میں جانا پہچانا جاتا ہے۔ وہ مسلسل چار بار میونسپل کارپوریٹر، اپوزیشن لیڈر اور تھانے شہر ضلع این سی پی کے صدر رہ چکے ہیں۔ علاوہ ازیں وہ کوکن مرکنٹائل بینک کے سابق چیئرمین بھی رہ چکے ہیں اور کوکن گریجویٹس حلقہ سے عوامی نمائندگی کے لیے سرگرم رہے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے ممبرا-کلوا اسمبلی حلقہ سے انتخاب بھی لڑا تھا اور کوکن کے علاقوں میں ان کی مضبوط عوامی پکڑ ہے۔ وہ اس وقت مہاراشٹر این سی پی کے جنرل سیکریٹری اور اقلیتی شعبہ کے انچارج کی حیثیت سے بھی اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
پارٹی کے سینئر قائدین نے نجیب ملا کی تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں تھانے شہر میں پارٹی مزید مضبوط ہوگی اور آئندہ انتخابات میں اس کا فائدہ پارٹی کو ضرور حاصل ہوگا۔ اس موقع پر نجیب ملا نے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار، ریاستی صدر سنیل تٹکرے اور دیگر تمام سینئر لیڈران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اعتماد پر پورا اترنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کارکنان کو متحد کر کے تھانے میں پارٹی کو مستحکم کریں گے اور آنے والے انتخابات کے لیے پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
نجیب ملا کی اس تقرری سے نہ صرف پارٹی کارکنان بلکہ ان کے حامیوں میں بھی جوش و خروش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ تھانے، کلیان، ڈومبیولی اور بھیونڈی میں پارٹی کے عہدیداروں و کارکنان نے مبارکباد پیش کی ہے۔ سابق رکن پارلیمنٹ اور این سی پی رہنما آنند پرانجپے سمیت دیگر قائدین نے بھی ان کی تقرری کا خیر مقدم کیا اور مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تقرری کے اعلان کے ساتھ ہی مبارکباد دینے والوں کا تانتا لگ گیا ہے، جس سے پارٹی کے اندر نیا جوش اور حوصلہ محسوس کیا جا رہا ہے۔
