بھوکَر تا ناندیڑ شاہراہ پر بھیانک حادثہ، 6 افراد ہلاک

بھوکَر (ورق تازہ نیوز) بھوکَر تا ناندیڑ شاہراہ پر سیتاکھنڈی علاقے میں جمعرات کی شام تقریباً 7 بجے ٹرک اور میجک گاڑی کے درمیان خوفناک تصادم پیش آیا۔ اس حادثے میں 6 افراد کے جاں بحق جبکہ 8 افراد کے زخمی ہونے کی ابتدائی اطلاع ہے۔ حادثے کے باعث علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ زخمیوں کو علاج کے لیے ناندیڑ کے مختلف سرکاری و نجی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

موصولہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق میجک گاڑی نمبر MH 26 AK 0548 ناندیڑ سے بھوکَر کی جانب جا رہی تھی، جبکہ ٹرک نمبر AP 29 PA 8129 بھوکَر سے ناندیڑ کی سمت آ رہا تھا۔ سیتاکھنڈی علاقے میں دونوں گاڑیوں کے درمیان زوردار ٹکر ہوئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ میجک گاڑی میں سوار مسافروں کو شدید چوٹیں آئیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی شہریوں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائی شروع کی۔ زخمیوں کو فوری طور پر گاڑی سے باہر نکال کر علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ دریں اثنا، حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں پانڈورنگ لِنگوجی واگھمارے (55) اور ان کی اہلیہ لکشمی بائی پانڈورنگ پوار، ساکن سید نگر، بھوکَر جاں بحق ہوئے ہیں۔ اسی طرح شیخ فیروز (30)، ساکن بلال نگر، بھوکَر، شیخ التمش شیخ علیم الدین (25)، ساکن بلال نگر، بھوکَر اور بلوان پوار، ساکن پوتا تانڈا بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔ ایک دیگر متوفی کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور حادثے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ متوفین اور زخمیوں کی سرکاری طور پر مکمل تفصیلات کے ساتھ ساتھ حادثے کی اصل وجہ بھی پولیس کی تحقیقات کے بعد واضح ہوگی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading