ناگالینڈ میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب پارٹی کے سات ارکان اسمبلی نے پارٹی چھوڑ کر حکمراں نیشنل ڈیموکریٹک پروگریسیو پارٹی (این ڈی پی پی) میں شمولیت اختیار کر لی۔ این ڈی پی پی کی قیادت موجودہ وزیر اعلیٰ نیفیو ریو کر رہے ہیں اور سات نئے ارکان کی شمولیت کے بعد اب اسمبلی میں ان کی پارٹی کی مجموعی تعداد 25 سے بڑھ کر 32 ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ ناگالینڈ اسمبلی میں کل 60 نشستیں ہیں، اس لیے یہ اقدام این ڈی پی پی کو واضح اکثریت دلاتا ہے۔
اسمبلی اسپیکر شارنگین لونگ کمیر نے ان ارکان اسمبلی کے انضمام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ساتوں ارکان نے باقاعدہ حاضری دے کر تحریری طور پر اپنی رضامندی ظاہر کی ہے اور ان کا انضمام آئین کی دسویں شیڈول کے تحت مکمل طور پر جائز ہے۔ اسپیکر نے ان کے انضمام کی منظوری دی اور اسمبلی سیکریٹریٹ کو ہدایت دی کہ وہ اس تبدیلی کو ریکارڈ میں شامل کرے۔
این ڈی پی پی کی جانب سے وزیر اور حکومت کے ترجمان کے جی کینیے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ اور حکومت کی کارکردگی کو مزید تقویت دے گا۔” جب ان سے پوچھا گیا کہ اس سیاسی تبدیلی سے حکمراں اتحاد میں نشستوں کی تقسیم پر کیا اثر پڑے گا، تو ان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں کوئی مستقل فارمولہ طے نہیں ہے.